کلفٹن کراچی کے ایک تاجر کو بھتہ کی کال کر کے 20 لاکھ
روپے ڈیمانڈ کیے اور رقم نہ دینے کی صورت
میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
رپورٹ: روبینہ یاسمین
کراچی: پاکستان رینجرز سندھ اور سندھ پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی
کرتے ہوئے ڈیفنس کراچی کے علاقے بدر کمرشل سے بھتہ خوری میں ملو ث ملزم عارف علی کو گرفتار کر لیا ۔
سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کا تعلق
کھوکھر بھتہ خور گینگ سے ہے اور ملزم مذکورہ گینگ کا سرغنہ ہے۔ ملزم عارف علی نے کراچی کے مختلف
علا قوں میں بھتہ کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ
ملزم نے کراچی کے علاقے کلفٹن کے ایک تاجر کو بھتہ کی کال کر کے 20 لاکھ روپے ڈیمانڈ کیے اور بھتے کی
رقم نہ دینےکی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم بھتہ کی
کی واردات کے لیے چوری شدہ سم اور موبائل فون کا استعمال کرتا تھا اور بھتہ کی کال کے بعد موبائل بند
کر دیتا تھا۔ ملزم عارف علی نے اس سے پہلے بھی دو افراد سے 10 لاکھ بھتہ کی رقم وصول کرنے کا
انکشاف کیا ہے۔ سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم عارف علی کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے
لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ
لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔
آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔