پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہے
دنیا ہمارے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کی معترف ہے، وزیراعظم پاکستان
ویب نیوز : ڈیسک رپورٹ
اسلام آباد : پاکستان کے سرکاری میڈیا (اے پی پی) کی نیوز رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی اور ریاستی رٹ کے قیام سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاستِ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہے اور دنیا ہمارے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کی معترف ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، انسپکٹر جنرلز اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام شریک تھے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستِ پاکستان نے کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کی ہے، جس میں زمینی آپریشنز، قانون سازی، بامعنی عوامی آگاہی اور انتہا پسندانہ سوچ کی حوصلہ شکنی جیسے اہم عناصر کا مؤثر استعمال شامل ہے ۔
انہوں نےمزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے بہادر سپوتوں کا کردار قابل تحسین اور لائق فخر ہے۔ میں اور پوری قوم ان افسران اور جوانوں پر فخر محسوس کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کے اہل خانہ نے قربانی کا بے مثال جذبہ دکھایا ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد اور متحرک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ردالفساد اور ضربِ عضب میں پاکستانی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف دلیرانہ کارروائیاں کیں، جبکہ حالیہ تاریخی معرکہ حق میں بھی دنیا نے پاکستان کی فتح کو تسلیم کیا ۔ وزیراعظم نے اس امر کا اعتراف کیا کہ صوبائی حکومتوں، انٹیلیجنس بیورو، وزارت داخلہ، محکمہ انسداد دہشت گردی، خصوصاً پنجاب سی ٹی ڈی نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے نہایت مؤثر اقدامات کیے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں
سندھ کے 64 سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس
پاکستانی اداکار کی چینی جنگی تاریخ پر مبنی فلم میں شاندار اداکاری
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان “فِتنہ الہند“، “فِتنہ الخوارج” اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے ایک جامع، مؤثر اور قابل عمل حکمت عملی پر کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے مشترکہ تعاون سے اسمگلنگ کے خلاف مؤثر آپریشنز کیے گئے، جس سے اس لعنت کو روکنے میں مدد ملی ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی روک تھام نے پاکستانی معیشت پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک پُرامن اور مضبوط ریاستی نظام ہی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر سکتا ہے۔ حکومت نے تمام نظاموں کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس نظام کی بہتری جیسے انقلابی اقدامات کیے ہیں تاکہ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اضافہ اور عالمی ریٹنگز میں بہتری ملک کی معیشت کے استحکام کی عکاس ہے، اور یہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی واپسی کا پروگرام مؤثر طریقے سے جاری ہے ۔