November 4, 2025
47, 3rd floor, Handicraft Building , Main Abdullah Haroon Road, Saddar Karachi, Pakistan.
عالمی بینک کےعوامی فائدے کے منصوبوں میں اہم پیش رفت
عالمی بینک کے منصوبے

عالمی بینک کےعوامی فائدے کے منصوبوں میں اہم پیش رفت

جام صادق پل 38 فیصد مکمل، یلو لائن بی آر ٹی منصوبے فیز ون کےلیے بسوں کی خریداری

دسمبر 2025 جبکہ سروس کا آغاز دسمبر 2026 میں ہوگا

صحت اور تعلیم کے منصوبوں پر بھی غور، پیش رفت سے آگاہ کیا گیا

کلک پروگرام کے تحت گھر گھر سروے سے 18 لاکھ جائیدادوں کا اندراج

منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائےگا، وزیراعلیٰ اور عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کا اتفاق

ویب نیوز رپورٹ: روبینہ یاسمین

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کراچی موبیلٹی پروجیکٹ (کے ایم پی)، جو یلو لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کا ایک انقلابی منصوبہ ہے، میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جام صادق پل پر 38 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بسوں کی خریداری اور نظام کو فعال کرنے کی تیاریوں کا آغاز رواں سال 2025 کے آخر تک کردیا جائے گا ۔

یہ اہم پیش رفت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران سامنے آئی ۔ اجلاس میں عالمی بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر مس بولورما آمگابازار، سندھ کے صوبائی وزرا اور عالمی بینک کے سینئر افسران شریک تھے ۔

اجلاس میں سندھ حکومت کے عالمی بینک کے 3.86 ارب ڈالر کے پورٹ فولیو کا جائزہ لیا گیا جس میں تعلیم، صحت، سماجی تحفظ، شہری نظم و نسق اور ٹرانسپورٹ کے 13 جاری منصوبے شامل ہیں ۔

اجلاس میں شرجیل انعام میمن، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصرحسین شاہ، سردار شاہ، جام خان شورو، محمد علی ملکانی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی سندھ نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی اور دیگر شریک تھے ۔ عالمی بینک کے وفد میں آپریشنز منیجر ڈراوگیلس، آپریشنز آفیسر حنا سلیم، ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ کامران اکبر اور دیگر شامل تھے ۔

عالمی بینک کےعوامی فائدے کے منصوبوں میں اہم پیش رفت

کراچی موبیلٹی پروجیکٹ (کے ایم پی) یلو لائن بی آر ٹی

اس منصوبے کا مقصد شہرکراچی کے اہم راستوں میں یلو لائن بی آر ٹی کے ذریعے نقل و حرکت، رسائی اور تحفظ کو بہتر بنانا ہے ۔

جام صادق پل

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں شرکا کو بتایا کہ پل کی تعمیر جولائی سن 2024 میں شروع ہوئی تھی اور اب تک 38 فیصد جسمانی پیش رفت ہوچکی ہے ۔ فیز ون کی تکمیل 31 اگست 2025 تک متوقع ہے ۔ جبکہ منصوبے کے دو ڈپو بھی زیر تعمیر ہیں۔

علاوہ ازیں ڈپو نمبر 1 (اکتوبر سن 2024 سے) اور ڈپو نمبر 2 (ستمبر سن 2024 سے) میں 16 فیصد پیش رفت ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ اس جگہ کی زمین کی بہتری اور بنیادی ڈھانچے کا کام جاری ہے ۔

بی آر ٹی کوریڈور فیز ون

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 12 کلومیٹر پر محیط ہے اور اس کا بجٹ 100 ملین ڈالر ہے۔ عالمی بینک نے مئی سن 2025 میں بولی کے دستاویزات کی منظوری دی تھی ۔ بولیوں کی مدعو کرنے کا عمل جاری ہے، جس میں پیکیج 3 بی کی آخری تاریخ 29 اگست سن 2025 رکھی گئی ہے۔ ایک جامع روڈ سیفٹی آڈٹ بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ایڈوائزری

اجلاس کو بتایا گیا کہ بسوں کی فراہمی کے لیے پی پی پی ایڈوائزری فیز ون، جس میں آپریشنل منصوبہ بندی اور مالی ماڈلنگ شامل ہے، مکمل ہوچکی ہے۔ فیز ٹو کے تحت بولی کے دستاویزات کی تیاری اکتوبر 2025 تک مکمل کرلی جائے گی۔ بسوں کی فراہمی اور آپریشنز کی خریداری کا عمل دسمبر 2025 میں شروع ہوگا جبکہ سروس کا آغاز دسمبر 2027 میں کیا جائے گا۔

فیز ٹو توسیع

یہ مرحلہ 7 کلومیٹر پر محیط ہے اور اس کا بجٹ 118 ملین ڈالرز رکھا گیا ہے ۔ اس کے ڈیزائن منظور ہوچکے ہیں اور بولی کے دستاویزات بھی تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ کام میں روانی برقرار رہے ۔ اس کے علاوہ 71 کلومیٹر پر محیط فیڈر سڑکوں کی اپ گریڈیشن کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں

خاور حسین کی موت پر تحقیقاتی رپورٹ: خودکشی قرار، خاندانی اختلافات زیرِ غور

ایک سو پچاس سالہ برگد کے درخت کی بحالی مکمل

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک ہی دن میں دو دو الگ الگ تفصیلی ملاقاتیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عالمی بینک کے وفد کے ساتھ کی ہیں ۔ پہلی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انسانی ترقی کے شعبے میں سست پیش رفت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں مشترکہ کاوشوں سے حل تلاش کیے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ملاقات میں جو حکمت عملیاں زیر غور آئیں ان میں محصولات کی وصولی کو مزید مؤثر بنانا، صوبائی آمدنی میں اضافے کے لیے زرعی آمدنی ٹیکس، خدمات پر سیلز ٹیکس اور جائیداد ٹیکس کو مضبوط کرنا شامل تھا ۔

سنددھ صوبے کے لوگوں کے فائدے کے عوامی منصوبوں پر بھی اجلاس کے دوران تفصیلی بریفنگ اور گفتگو ہوئی جس پر عالمی بینک کی کنٹری چیف نے اطمینان کا اظہار کیا۔

عالمی بینک کےعوامی فائدے کے منصوبوں میں اہم پیش رفت

صوبہ سندھ: ابتدائی تعلیم کا بہتر منصوبہ

صوبے میں پرائمری اسکولوں میں مطالعے کی مہارت اور طلبہ کے برقرار رہنے کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے اس منصوبے کے تحت 12 اضلاع کی 295 اسکولوں کے لیے ٹھیکے دیے جاچکے ہیں جن میں سے 260 اسکول زیر تعمیر ہیں ۔

علاوہ ازیں ایک خصوصی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ اور اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ پیش رفت کی نگرانی کی جارہی ہے۔ سولر پینلز، فلٹریشن یونٹس، اسکول فرنیچر اور کیو آر کوڈ پر مبنی تعلیمی مواد کی خریداری جاری ہے جسے نومبر سن 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

سماجی تحفظ اور زچہ و بچہ کی صحت

سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے منصوبے کے تحت خواتین اور بچوں کے لیے صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ “”مامتا” ایپ کو پی ٹی سی ایل کلاؤڈ کے ذریعے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور ضلعی کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی جاری ہے ۔

واضح رہے کہ اب تک تکنیکی عملے کی بھرتی اور مربوط مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی تنصیب مکمل کی جا چکی ہے ۔

سندھ انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پروجیکٹ (ایس آئی ایچ پی پی)

تولیدی، زچگی، بچوں اور نو عمر افراد کی صحت پر توجہ دینے والے اس منصوبے کے تحت 238 کمیونٹی ہیلتھ ورکرز بھرتی کیے جاچکے ہیں جن کی تربیت 25 ستمبر سن 2025 سے شروع ہوگی ، غذائی پروگرام 15 دسمبر سن 2025 سے شروع کیا جائے گا ۔

ریفرل نظام کو بہتر بنانے کے لیے 60 ایمبولینسیں خریدی جا رہی ہیں جبکہ 15 ڈسپنسریوں کو 24 گھنٹے کی سہولت میں اپ گریڈ کرنے کے لیے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے ۔

کلک اور نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام

“کمپیٹیٹیو اینڈ لیویبل سٹی آف کراچی” (کلک) منصوبہ شہری نظم و نسق، ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور ٹھوس کچرے کے انتظام کو بہتر بنا رہا ہے۔ اجلاس میں تفصیلات سے اآگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک گھر گھر سروے کے ذریعے 18 لاکھ جائیدادوں کا اندراج کیا جاچکا ہے۔

نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 2 ارب روپے مالی سال 2025-26 کے لیے مختص ہیں اور یہ منصوبہ اسٹیئرنگ کمیٹی سے منظوری حاصل کرچکا ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور عالمی بینک کی کنٹری چیف مس بولورما آمگابازار نے اتفاق کیا ہے کہ ان منصوبوں کو بروقت عوامی فائدے کے لیے مکمل کرنے کے لیے قریبی رابطے کے ساتھ مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی ۔

اپنا تبصرہ لکھیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

×