موسمیاتی تبدیلیوں کو قدرت کا مظہر سمجھنے کا تصورعام
ہے جبکہ اس میں انسانی مداخلت کو یکسر نظرانداز
کیاجارہاہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی
ویب نیوز رپورٹ: روبینہ یاسمین
کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ تیزی سے رونماہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے بچنے کے لئے انقلابی اقدامات ناگزیز ہوگئے ہیں۔ہمارے یہاں موسمیاتی تبدیلیوں کو قدرت کا مظہر سمجھنے کا تصورعام ہے جبکہ اس میں انسانی مداخلت کو یکسر نظرانداز کیاجارہاہے۔ درختوں اور مینگرووز کی بے دریغ کٹائی سے درجہ حرارت اور سیلابوں میں اضافہ ہورہاہے۔
آگاہی کو فروغ دیئے بغیر موسمیاتی تبدیلیوں پر قابوپانا ممکن نہیں،آگاہی کو فروغ دینے کا سب سے بہترین پلیٹ فارم تعلیمی ادارے اور ان میں زیر تعلیم نوجوان ہیں اور یہ ہی تبدیلی کا اصل محرک ہیں۔مینگروز فضائی آلودگی کو کم کرنے میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں لیکن پاکستان میں اس کی بھی بے دریغ کٹائی ہورہی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ جامعہ کراچی کے زیراہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ سندھ لوکل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس میں سندھ کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے ماہرین ماحولیات اور طلباوطالبات نے شرکت کی۔ دو پینل ڈسکشن بعنوان: ہائبرڈسولر ڈی ہائڈریٹر ماڈل اور بچے ہوئے کھانوں سے بائیو گیس کا حصول بھی کانفرنس کا حصہ تھے جس کے آخر میں سوال وجواب کا سیشن بھی ہوا۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاکستان کو ہر سال سیلابی صورتحال اور تواترکے ساتھ درجہ حرارت میں اضافے کا سامنا ہے لیکن ان مسائل کے مستقل حل کے لئے ہم تاحال عملی اقدامات کرنے سے قاصر ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ ہمیں سیلابی صورتحال سے نبردآزماہونے کے لئے تمر کے جنگلات میں اضافہ اور اس کی حفاظت کویقینی بنانے کے لئے حکومتی اور عوامی سطح پر اپنا اپنا کردار اداکرناہوگا۔
: یہ بھی پڑھیں
جامعہ کراچی: اساتذہ کی تنخواہوں کی بلاجواز بندش
اس موقع پر رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسز کا انعقاد شجرکاری اور اس حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔پاکستان میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کی وجہ درختوں کی کٹائی اور شجرکاری کا فقدان ہے۔
موسمیاتی تبدیلی سے نبردآزمااور درجہ حرارت میں اضافے سے بچنے کے لئے تواترکے ساتھ شجرجاری کو یقینی بناناہوگا۔
انچارج شعبہ کیمیکل انجینئرنگ جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شگفتہ اشتیاق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کانفرنس کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس موقع پر ہونے والی پینل ڈسکشن کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔