October 15, 2025
47, 3rd floor, Handicraft Building , Main Abdullah Haroon Road, Saddar Karachi, Pakistan.
پی پی پی پالیسی کے تحت سندھ میں 500 الیکٹرک بسیں اور نیا ایکسپریس وے آرہے ہیں
پی پی پی پالیسی

پی پی پی پالیسی کے تحت سندھ میں 500 الیکٹرک بسیں اور نیا ایکسپریس وے آرہے ہیں

پی پی پی پالیسی کے تحت سندھ میں 500 الیکٹرک بسوں، ایلیویٹڈ ایکسپریس وے،

بلڈ سینٹرز اور گرین فاریسٹری منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

ویب نیوز : ڈیسک رپورٹ

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) پالیسی بورڈ کے 48 ویں اجلاس میں کراچی اورحیدرآباد کے لیے 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری، کراچی پورٹ سے قیوم آباد (جام صادق انٹرچینج) ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کی تعمیر، سکھر، کراچی اور شہید بینظیر آباد کے ریجنل بلڈ سینٹرز (آر بی سی) میں مقررہ اور متغیر لاگت پر مبنی اینوئیٹی ماڈل کے نفاذ سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی ۔

اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار، حاجی علی حسن زرداری، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر، رکن صوبائی اسمبلی قاسم سومرو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا وسیم، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجَم شاہ، ڈائریکٹر جنرل پی پی پی یونٹ و سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، بورڈ کے دیگر اراکین اور متعلقہ افسران شریک تھے ۔

پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبہ

پی پی پی پالیسی بورڈ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کی منظوری دیدی جس کا مقصد کراچی اور حیدرآباد میں الیکٹرک بسوں کے بڑے بیڑے کا آغاز کرنا ہے۔ بورڈ نے منصوبے کے دائرہ کار، ڈھانچے اور رسک میٹرکس کی توثیق کی اور ایک نجی ادارے کی ترمیم شدہ تجویز کو منظور کرتے ہوئے اسے “رائٹ آف فرسٹ ریفیوزل” اور پری کوالیفکیشن عمل سے استثنا دیا۔ اس کے ساتھ ہی نجی شراکت دار کے انتخاب کے لیے سرمایہ کاروں کی شمولیت کا عمل شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

منصوبے کے تحت 500 الیکٹرک بسیں مرحلہ وار چلائی جائیں گی جن کے ساتھ ڈپو، چارجنگ انفراسٹرکچر، بس شیلٹرز، خودکار کرایہ وصولی اور جدید ٹرانسپورٹ نظام بھی قائم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ڈی بی ایف ایم او ٹی ماڈل کے تحت 12 سالہ رعایتی مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔

منصوبہ روزانہ دو لاکھ سے زائد مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا، گرین لائن بی آر ٹی کے ساتھ مربوط ہوگا اور شہری نقل و حرکت میں نمایاں بہتری لائے گا۔ بورڈ نے اس اقدام کو سندھ میں صاف، جدید اور مؤثر عوامی ٹرانسپورٹ کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا۔

کراچی پورٹ تا قیوم آباد ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبہ

پی پی پی پالیسی بورڈ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی پورٹ سے قیوم آباد (جام صادق انٹرچینج) تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پی پی پی بورڈ کو ہدایت کی کہ منصوبے کے کاغذی مراحل تیز کیے جائیں تاکہ وہ جلد اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ سکیں ۔

بورڈ نے منصوبے کے دائرہ کار، مالیاتی ڈھانچے اور رسک میٹرکس کی توثیق کی اور مسابقتی بولی کے لیے غیر درخواست شدہ تجویز کی منظوری دی۔ ساتھ ہی آر ایف پی جاری کرنے اور بولی کے عمل کے آغاز کی بھی اجازت دی۔

منصوبے کے تحت 16.5 کلومیٹر طویل اور 4 لین پر مشتمل ایلیویٹڈ فریٹ ایکسپریس وے کی ڈیزائننگ، فنانسنگ، تعمیر اور 25 سالہ آپریشن و مینٹیننس (او اینڈ ایم) شامل ہے جو کراچی پورٹ (ایسٹ وہارف) کو جام صادق انٹرچینج سے منسلک کرے گا ۔

یہ ایکسپریس وے سفر کا فاصلہ 26 کلومیٹر کم کرے گا بھاری ٹریفک کو 24 گھنٹے آمدورفت کی سہولت دے گا، شہری سڑکوں پر دباؤ کم کرے گا اور پورٹ کی کارکردگی و شاہراہِ بھٹو اور ایم 9 سے رابطے کو بہتر بنائے گا ۔

بورڈ نے ییلو لائن بی آر ٹی کے ساتھ ہم آہنگی، مشترکہ ٹریفک ریمپس کے اضافے، پورٹ کنیکٹیوٹی میں بہتری اور بڑے پیمانے پر زمین کے حصول سے بچاؤ کے لیے ڈیزائن میں تبدیلیوں کی بھی منظوری دی ۔

ڈی بی ایف او ٹی یوزر پے ماڈل کے تحت سندھ حکومت منصوبے کے لیے سرمایہ جاتی اور عملی معاونت (وی جی ایف) فراہم کرے گی جس میں 10 سال کے لیے کم از کم آمدنی کی ضمانت بھی شامل ہوگی ۔

ریجنل بلڈ سینٹرز (آر بی سی)

بورڈ نے سکھر، کراچی اور شہید بینظیر آباد کے ریجنل بلڈ سینٹرز میں مقررہ اور متغیر لاگت پر مبنی اینوئیٹی ماڈل کے نفاذ کی منظوری دی جو اس سے قبل جامشورو آر بی سی کے لیے منظور شدہ فریم ورک کے مطابق ہوگا ۔

ریجنل بلڈ سینٹرز (آر بی سی) اب اپنی استعداد کو مکمل طور پر استعمال کر سکیں گے جس کے تحت ہر مرکز سالانہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار بلڈ بیگز مخصوص اسپتالوں کے بلڈ بینکس (ایچ بی بی) کو فراہم کرے گا ۔

سرکاری اسپتالوں میں محفوظ خون کی طلب بہت زیادہ ہے اور اس اقدام کے ذریعے آر بی سی زیادہ تر ضرورت پوری کرنے کے قابل ہوں گے۔ نامزد سرکاری ایچ بی بی اسپتالوں میں مریضوں کو خون کے بیگز مفت فراہم کیے جائیں گے ۔

ریڈیالوجی اور تشخیصی لیبز کی آؤٹ سورسنگ

پی پی پی پالیسی بورڈ نے لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال (سی ایم سی ایچ) اور کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں ریڈیالوجی اور ڈائگناسٹک لیب سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی اورمشاورتی خدمات کی فراہمی کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کرنے کی غرض سے پی ڈی ایف فنڈنگ کی منظوری دی ۔

محکمہ صحت نے یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، ڈیجیٹل ایکسرے، الٹراساؤنڈ اور ایکو کارڈیوگرافی جیسے جدید تشخیصی آلات کے آپریشن اوردیکھ بھال میں درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے ۔

اس ماڈل کے تحت نجی شراکت دار نئے آلات میں سرمایہ کاری کرے گا، آپریشن و مینٹیننس کو یقینی بنائے گا، پرانے نظاموں کو اپ گریڈ کرے گا، تربیت یافتہ عملہ تعینات کرے گا اور ٹیسٹ کے نتائج کے لیے درکار وقت کم کر کے مریضوں کو معیاری اور سہولت پر مبنی تشخیصی خدمات فراہم کرے گا ۔

چلڈرن اسپتال نارتھ کراچی

پی پی پی پالیسی بورڈ نے سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال کے دسویں سال کے نظرثانی شدہ آپریشنل بجٹ (یکم اکتوبر 2025 تا 30 ستمبر 2026) کا جائزہ لیا جو 738.65 ملین روپے ہے جبکہ 95.12 ملین روپے کے مجوزہ سرمایہ جاتی اخراجات بھی شامل ہیں جو معاہدے کے آخری سال میں خرچ کیے جائیں گے ۔

پی پی پی پالیسی بورڈ نے سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال کے دسویں سال کے نظرثانی شدہ آپریشنل بجٹ (یکم اکتوبر 2025 تا 30 ستمبر 2026) کا جائزہ لیا جو 738.65 ملین روپے ہے جبکہ 95.12 ملین روپے کے مجوزہ سرمایہ جاتی اخراجات بھی شامل ہیں جو معاہدے کے آخری سال میں خرچ کیے جائیں گے ۔

جنگلات کے ذریعے کاربن کے خاتمے کا منصوبہ

سندھ کے دریائی جنگلات کی بحالی، ماحولیاتی اثرات میں کمی اور پاکستان میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے تقریباً 41 ہزار ہیکٹررقبے پر مشتمل دریائی جنگلات لگانے کا منصوبہ ضلع جامشورو اور مٹیاری میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا جائے گا ۔

پی پی پی پالیسی بورڈ نے محکمہ جنگلات کو تین بولی پیکیجز کے لیے کامیاب بولی دہندگان کو ایوارڈ لیٹر جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ توقع ہے کہ پی پی پی معاہدے جلد طے پا جائیں گے۔

یہ منصوبہ تقریباً 3.5 سے 4 کروڑ کاربن کریڈٹس پیدا کرے گا جنہیں بین الاقوامی کاربن مارکیٹس کے ذریعے فروخت کیا جائے گا جس سے نمایاں زرمبادلہ حاصل ہوگا ۔

بورڈ نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی خدمات حاصل کرنے کی بھی منظوری دی تاکہ تقریباً 88 ہزار ہیکٹر رقبے پر نئے دریائی فاریسٹریشن منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی تیار کی جا سکے ۔

چاول اور گندم میکانائزیشن منصوبہ

پالیسی بورڈ نے سندھ میں چاول اور گندم کی کاشت و کٹائی کے نظام میں جدت لانے کے لیے منصوبے کی منظوری دی جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نافذ کیا جائے گا ۔

اس منصوبے کے تحت جدید زرعی مشینری کسانوں کو کرایہ کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی تاکہ جدید زرعی طریقوں کو فروغ دیا جا سکے ۔ اس اقدام کا مقصد پیداوارمیں اضافہ اور چاول و گندم کی کاشتکاری کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانا ہے ۔

بورڈ نے فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے پی ڈی ایف فنڈنگ کی بھی منظوری دی تاکہ منصوبہ آئندہ چند ماہ میں شروع کیا جا سکے۔

کلسٹر فارمنگ ڈیولپمنٹ منصوبہ

پالیسی بورڈ نے ضلع ٹھٹھہ میں ٹماٹر کلسٹر پراسیسنگ منصوبے کے قیام کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دی۔
مزید یہ کہ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں، جہاں پھل اور سبزیوں کی پیداوار زیادہ ہے، اسی نوعیت کی سہولتوں کے قیام کے لیے ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا ۔

این ای ڈی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ

پی پی پی پالیسی بورڈ نے این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم کیے جانے والے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے رعایتی معاہدے پر عمل درآمد کی منظوری دی۔ این ای ڈی ٹیک پارک ملک کا پہلا یونیورسٹی پر مبنی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ ہوگا، جو گرین بلڈنگ تصور پر تعمیر کیا جائے گا ۔

یہ بھی پڑھیں

سانپ اور انسانی فطرت کا حیران کن موازنہ: کیا انسان سانپ سے زیادہ چالاک ہے؟

طارق عزیز: نیلام گھرسے سیاست تک ایک تاریخی سفر

یہ معاہدہ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ذیلی کمپنی اینرٹیک ہولڈنگ کمپنی کے ساتھ سرکاری سے سرکاری (جی ٹو جی) بنیاد پر پی پی پی ماڈل کے تحت کیا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط اکتوبر 2025 کے آخر تک ہونے کی توقع ہے۔

پی پی پی پالیسی

اپنا تبصرہ لکھیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

×