چینی سرمایہ کارکی سندھ میں ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے پیش نظر
ناصر شاہ نے کراچی تا روہڑی ٹرین سروس میں اشتراک کی پیشکش کردی
ویب نیوز : روبینہ یاسمین
کراچی : صوبائی وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کا مقصد سندھ حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرنا تھا ۔
چینی وفد نے کہا کہ وہ پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی سمیت پورے صوبہ سندھ میں ڈویلپمنٹ کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں تاکہ انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، رہائش اور شہری سہولیات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے ۔
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وفد کی پیشکس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبے میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ
میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ
چین کے سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے
اہم امورکے علاوہ بھی مستقبل میں شروع ہونے والے منصوبوں پر
تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیربلدیات سندھ نے چینی وفد کو کراچی تا روہڑی ٹرین سروس کے منصوبے میں اشتراک اور سرمایہ کاری کی پیشکش کی ۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ سرمایہ کاری کے لیے ایک زرخیز خطہ ہے، جہاں توانائی، ٹرانسپورٹ، ہاؤسنگ، واٹر مینجمنٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے اور عوام کی ترقی کے لیے آنے والے ہر سرمایہ کار کو خوش آمدید کہتی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ چینی وفد کی قیادت مس MS Hao Juejio نے کی ۔ ملاقات میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ وسیم شمشاد، علی مانڈوی والا، اظہر الٰہی، محمد دانش اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے وفد کو مختلف سیکٹرز میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور سندھ حکومت کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی کے تحت مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔


