September 15, 2025
47, 3rd floor, Handicraft Building , Main Abdullah Haroon Road, Saddar Karachi, Pakistan.
کراچی کے لیے نئی نہر کا افتتاح
نیو حب کینال

کراچی کے لیے نئی نہر کا افتتاح

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سی ایم سندھ مراد علی شاہ نے

نیو حب کینال کو کراچی کے لیے تحفہ قرار دے دیا، نئی نہر سے شہر کو 100 ایم جی ڈی پانی ملے گا

ویب نیوز رپورٹ: روبینہ یاسمین

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے حب کینال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کےلیے 100 ایم جی ڈی پانی کے منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں ۔ ہم ڈسٹرکٹ سینٹرل ، ایسٹ اور کیماڑی کو یہ پانی آج اور ابھی سے پہنچائیں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کا سب سے بڑا مطالبہ پانی کی قلت ختم کرنا رہا ہے چناچہ ہم کراچی کے علاقے لیاری کو اضافی پانی پہنچانے کے لیے پی سی ون تیار ہو چکا ہے ۔ علاوہ ازین پرانے حب کینال کی مرمت ہو رہی ہے ۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کراچی کےلیے پانی کے کوٹے میں ضافے کی کوشش کریں گے ۔

نیو حب کینال کا افتتاح ہوگیا

نیو حب کینال کی افتتاحی تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے اِسے یوم آزادیِ پاکستان کے موقع پر شہرکراچی کے باسیوں کے لیے ایک بڑا تحفہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی نہر سے شہر کو روزانہ 100 ملین گیلن (ایم جی ڈی) فراہم ہونے والے پانی کی کنجائش پرانے کینال سے دوگنا زیادہ ہے۔

مراد شاہ نے مزید وضاحت کی کہ پرانی نہر مؤثر طور پر 60 ایم جی ڈی پانی بھی فراہم نہیں کر سکتی تھی تاہم نیا ڈھانچہ اس کمی کو دور کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہر کسی بھی اضافی لاگت کے بغیر مقررہ وقت اور بجٹ میں تعمیر کی گئی ہے ، یوم آزادی سے قبل کراچی کے شہریوں کے لیے یہ ایک بڑا اور اہم تحفہ ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرانی نہر کی بحالی کا کام دسمبر تک مکمل ہو جائے گا، جس سے شہر کی پانی کی فراہمی کی گنجائش 100 ملین گیلن پانی سے بڑھ کر 140 ایم جی ڈی ہو جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت سندھ، وفاقی حکومت سے سندھ اور بلوچستان کے پانی کے کوٹے میں اضافے کے لیے بات چیت کر رہی ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پانی کی دستیابی میں بہتری آئی ہے ۔

دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 35 ایم جی ڈی کا ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ستمبر میں مکمل ہو جائے گا جو صنعتوں کو پانی فراہم کرے گا۔ اسی طرح گھریلو استعمال کے لیے پینے کا پانی بھی دستیاب ہوگا ۔

نیو حب کینال کا افتتاح ہوگیا

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جیسے ہی کے فور منصوبے کے توسیعی

مرحلے کو عالمی بینک کے تعاون سے مکمل کرلیا جائے گا

کراچی کو 550 ایم جی ڈی پانی ملے گا جس سے شہر میں

قلت آب میں نمایاں کمی متوقع ہے ۔

واضح رہے کہ نیو حب کینال 21.8 کلومیٹر طویل ہے اور اس میں 11 ایکویڈکٹس، 19 کلورٹس اور چار پل شامل ہیں جبکہ اس کی کل گنجائش 130 ایم جی ڈی ہے ۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں پرانی نہر کی بحالی شامل ہے جس کے 21.8 کلومیٹر حصے کو کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے بند کر دیا گیا ہے ۔ منگھوپیر پمپنگ اسٹیشن کی 150 ایم جی ڈی گنجائش بھی بحال کی جا رہی ہے، ساتھ ہی فلٹریشن پلانٹ کی مرمت بھی کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے افتتاحی تقریب میں اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ دسمبر تک کراچی کے وفاقی پانی کے کوٹے کو بڑھا کر 200 ایم جی ڈی کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وعدے کے مطابق 13 اگست 2025 کو منصوبے کا نہ صرف افتتاح کیا ہے بلکہ یہ بھی باور کردیا ہے کہ اس سے مستفید ہونے والے علاقے ویسٹ وہارف، کیماڑی اور سینٹرل کراچی ہوں گے ۔

یہ بھی پڑھیں

سات کروڑ سندھیوں کی آواز کون دبا رہا ہے؟

تھر میں کول گیسیفکیشن کیوں شروع کیا جارہا ہے؟

پاکستان کی وفاقی حکومت پر تنقید اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے یادہانی کراتے ہوئے کہا کہ سابق وزرائے اعظم نے کراچی کے لیے اربوں روپے کے اعلانات کیے مگر فنڈز جاری نہیں کیے بلکہ اس کے بر عکس صرف پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے لیے منصوبے بنائے اور مکمل کیے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اس کامیابی کا سہرا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حکمت عملی ہے جس نے وفاقی حکومت کو تعاون پر مجبور کیا ۔

اپنا تبصرہ لکھیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

×