حکومت معذور افراد کے لیے جامع تعلیم کو مزید فروغ، قابل رسائی اسکولوں اور
خصوصی مراکز کے نیٹ ورک کو وسعت دیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
ویب نیوز : ڈیسک رپورٹ
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کلِفٹن کے النور پارک میں محکمہ خصوصی تعلیم و بحالی (ڈی ای پی ڈی) کے زیر اہتمام ’’گرینڈ فیسٹیول فار اسپیشل چلڈرن‘‘ سے پرجوش خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت سندھ، معذورافراد کے لیے جامع تعلیم کو مزید فروغ دے گی ۔ علاوہ ازیں قابل رسائی اسکولوں اور خصوصی مراکز کے نیٹ ورک کو بھی وسعت دی جائیگی ۔
مزید برآن حکومتِ سندھ عوامی مقامات اور ٹرانسپورٹ سہولیات کو مزید آسان بنائے گی اور صحت، ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے کی کوشش کرے گی ۔
اس موقع پر صوبائی حکومت سندھ کے وزراء سندھ ذوالفقار شاہ، ریاض شاہ شیرازی، سینیٹر وقار مہدی، سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طٰحہ فاروقی، معاون خصوصی سلیم بلوچ، صوبائی سیکریٹریز فیاض جتوئی، سہیل قریشی، خیر محمد اور دیگر حکام موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی بچوں کی مسکراہٹوں اور رنگین ماحول کو ’’دل موہ لینے والا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ’’سندھ کے درخشاں ستارے اور لامتناہی جذبے کا سرچشمہ‘‘ ہیں۔ یہ فیسٹیول صوبے کی شمولیت، مساوات اور ہر فرد کے احترام کے عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ سندھ کے عزم کا اعلان ہے ۔ پاکستان کے سن 1973 کا آئین، جو شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کا نتیجہ ہے، تمام شہریوں کے لیے مساوات اور فلاح کی ضمانت دیتا ہے۔
مراد علی شاہ نے خصوصی بچوں اور ان کے خاندانوں کی ثابت قدمی، صبر اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اور 38 کو معذور افراد کے حقوق کا محافظ قرار دیتے ہوئے ریاست کی ذمہ داری دہرائی کہ وہ ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ معذوری کوئی رکاوٹ نہیں بلکہ انسانیت کی تنوع کا قیمتی پہلو ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے ڈی ای پی ڈی، این جی اوز اور محکمہ برائے خصوصی افراد سندھ کی کاوشوں کی تعریف کی ۔ واضح رہے کہ ان کی مشترکہ کاوشوں سے فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول میں خصوصی بچوں کی صلاحیتوں اور مہارتوں کے 87 اسٹالز بھی لگائے گئے تھے ۔
یہ بھی پڑھیں
یوم اقلیت جشن آزادی میں کیسے بدلا؟
مرتضی وہاب کراچی کے گراؤنڈز میں دلچسپی کیوں لے رہے ہیں
وزیر اعلیٰ سندھ نے گرینڈ فیسٹیول فار اسپیشل چلڈرن کی روح کو یوم آزادی کی تقریبات سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارت کو ایک ایسی شکست دی جس نے ہماری آزادی کا جذبہ دوبارہ تازہ کر دیا اور ہم نے 14 دن یوم آزادی منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کل میں مزارِ قائد پر حاضری دوں گا۔
مراد شاہ نے اس عزمکا اظہار بھی کیا کہ حکومت صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھے گی، تمام شہریوں کو بلا امتیاز برابر مواقع فراہم کرے گی اور قائداعظم کے خواب کو پاکستان کے ہر بچے اور فرد کے لیے حقیقت میں بدلے گی ۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے مختلف این جی اوز کے اسٹالز کا دورہ کیا جو خصوصی بچوں کی فلاح کے لیے کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے خصوصی بچوں سے ملاقات کی، ان کے تیار کردہ کھانے سے لطف اٹھایا اور ان کے ساتھ وقت گزارا، بچوں کو گلے لگایا، ان کا خیال رکھا اور خصوصی بچوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں ۔
