شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمودعراقی کی زیر قیادت ڈونرز
تنظمیوں کے نمائندوں سے موجودہ اسکالرشپس میں مزید
اضافہ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
ویب نیوز رپورٹ: روبینہ یاسمین
کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے جمعرات کے روز مختلف ڈونرز تنظیموں کے نمائندوں نے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔ جن تنظیموں کے نمائندوں نے شیخ الجامعہ سے ملاقات کی ان میں بلوچستان ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ، الکوثر یو ایس اے، یوکے اے ایچ اے ہیوسٹن، پاکستان بیت المال اور احسان ٹرسٹ شامل ہیں۔
اس موقع پررئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم،رئیسہ کلیہ علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف اور اسٹوڈنٹس فائنینشل ایڈ آفس کی انچارج پروفیسر ڈاکٹرذی اسماء حنیف خان ودیگر بھی موجود تھے۔
احسان ٹرسٹ کے جنرل منیجر فیاض الرحمان نے اجلاس کو بتایا کہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے 500 سے زائد طلباء نے ماضی میں ٹرسٹ سے بلا سود قرضے حاصل کئے ہیں اور اب وہ ایک ہی وقت میں 500 سے زائد طلباء کو مالی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شام کے طلباء بھی احسان ٹرسٹ ا سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور ہر ضرورت مند طالب علم کو ان کی تعلیم کے کسی بھی مرحلے پر آسان قرضے دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کیمپس کے طلباء کے لیے ٹرانسپورٹ بسوں کی خریداری کے لئے بھی بلاسود مالی امداد فراہم کر سکتا ہے۔
الکوثر یو ایس اے کی نمائندگی کرنے والے قائم مہدی نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی طلباء کی معاونت کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کے تعلیمی شعبے کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں طلباء کی بڑی تعداد ہے اور الکوثر ان کا تعلیمی معیار بلند کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان بیت المال کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعدیہ اشرف نے بتایا کہ پاکستان بیت المال پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ہونہار طلباء کو وظائف فراہم کرتا ہے اور پاکستان بیت المال شام کے پروگرام میں پڑھنے والے نوجوانوں سمیت مزید طلباء کی سہولت کے لیے ا سکالرشپ فنڈز کے پول کو بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
یوکے اے ایچ اے ہیوسٹن کی نمائندگی کرنے والے فیروز اقبال نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے سابق طلباء انفرادی سطح پر طلباء کی مدد کر رہے تھے لیکن مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد انہوں نے اسٹوڈنٹس فائنینشل ایڈآفس کے ذریعے مزید طلباء کی مدد کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنی صلاحیتوں کے مطابق دوسروں کی مدد کرنے کی کوشش کریں۔
دریں اثناء جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مہمانوں کو اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ پراجیکٹ کے بارے میں بتایا جو ان طلباء کی مدد کر رہا ہے جو اپنی داخلہ فیس برداشت نہیں کر سکتے، اور میرٹ وضرورت مند طلباء کے لیے وظائف کے لئے مختص تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مختلف شعبہ جات سے فارغ التحصیل طلبہ کے ذریعے بھی کلاس رومز میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔سرکاری اور نجی شعبہ جات کا اشتراک وقت کی اہم ضرورت اور ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔
: یہ بھی پڑھیں
جامعہ کراچی: اساتذہ کی تنخواہوں کی بلاجواز بندش
جناح یونیورسٹی برائے خواتین شمسی توانائی پر منتقل
ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سندھ میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے لیے مختص فنڈز میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے طلباء کے لیے سندھ انڈاؤمنٹ فنڈ کی فراہمی میں بھی اضافہ کیا ہے۔انہوں نے تمام ڈونرز نمائندوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ خرچہ نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کے مثبت اور دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔
اجلاس کے اختتام پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمودعراقی کے ہمراہ تمام ڈونرزتنظیموں کے نمائندوں،ڈاکٹر شائستہ تبسم،ڈاکٹر ذی اسماء حنیف ودیگرنے پودے بھی لگائے۔