سندھ کابینہ نے بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز اور سفارت خانوں میں آن لائن سیل ڈیڈ کی تکمیل اور باغ جناح کی زمین پر بی آر ٹی ریڈلائن کا ڈپو بنانے کی منظوری دے دی
ویب نیوز رپورٹ: روبینہ یاسمین
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن، صوبائی ای اسٹیمپنگ نظام کی مقامی سطح پر منتقلی، انفراسٹرکچر سیس تنازع کے حل کا فریم ورک، صارف عدالتوں کو ٹریفک عدالتوں کا درجہ دینے، کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن کے لیے زمین کے استعمال میں تبدیلی، انڈس ڈیلٹا میں محفوظ جنگلات میں توسیع، پولیس حدود کی تنظیم نو، لاڑکانہ میں بڑی سبزی و فروٹ منڈی کے قیام اور خصوصی عدالتی تعیناتیوں کی توثیق کی منظوری دی گئی۔
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن
تارکین وطن کو سہولت دینے کے لیے بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سندھ رجسٹریشن (ترمیمی) بل 2025 پیش کیا۔
مجوزہ ترمیم کے تحت بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز اور سفارت خانوں میں آن لائن سیل ڈیڈ کی تکمیل ممکن ہوگی۔
سندھ رجسٹریشن ایکٹ 1908 کی دفعہ 38 میں ترمیم کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو رجسٹریشن دفاتر میں ذاتی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
تصدیق نادرا سے منسلک ای رجسٹریشن نظام کے ذریعے ہوگی، جس میں انگوٹھوں کے نشانات اور چہرے کی شناخت کسی بھی سب رجسٹرار دفتر یا پیپلز سروس سینٹر میں ممکن ہوگی۔
ای اسٹیمپنگ نظام کی مقامی منتقلی
کابینہ نے صوبائی ای اسٹیمپنگ نظام کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی منتقل کرنے کی منظوری دی۔
پانچ سالہ ماسٹر سروس معاہدے کے تحت ماہانہ سروس چارج 70 لاکھ روپے ہوگا، جبکہ سالانہ 10 فیصد اضافہ شامل ہوگا۔
مستقبل میں موبائل ایپ، پیپر لیس اسٹیمپ ڈیوٹی، شناختی کارڈ سے اجرا اور دو سطحی تصدیق کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
یہ نظام ڈی ایچ اے، سی ڈی سی اور انشورنس کمپنیوں سمیت بڑے اداروں سے منسلک ہوگا تاکہ محصولات کی وصولی بہتر بنائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدامات صوبائی انتظامیہ کو جدید اور کاروبار دوست بنانے کی سمت اہم پیش رفت ہیں۔
صارف عدالتوں کو ٹریفک عدالتوں کا درجہ
ای چالان کے فوری تصفیے کے لیے صوبے بھر میں صارف عدالتوں کو ٹریفک عدالتوں کے اختیارات دینے کی منظوری دی گئی۔
یہ اقدام صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے تحت کیا گیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ سے مشاورت کے بعد ہر ضلع میں موجود عدالتیں ٹریفک مقدمات کا تیز رفتار ٹرائل کریں گی، جس سے نئی عمارتوں کی ضرورت بھی کم ہوگی۔

انفراسٹرکچر سیس تنازع میں پیش رفت
کابینہ نے انفراسٹرکچر سیس کے دیرینہ قانونی تنازع کے جامع تصفیے پر غور کیا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق تقریباً 342 ارب روپے 635 مقدمات میں بینک گارنٹی کی صورت میں زیر التوا ہیں۔
تجویز کے تحت واجبات کا 15 فیصد تین مراحل میں ادا کیا جائے گا، جبکہ باقی رقم 12 مساوی سالانہ اقساط میں جمع ہوگی۔
غیر درخواست گزاروں کے لیے ٹیکس شرح کم کر کے 0.8 فیصد کرنے اور برآمدات کے لیے مکمل استثنیٰ کی تجویز بھی منظور کی گئی۔
بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ
منصوبے کی لاگت کم اور رفتار تیز کرنے کے لیے زمین کے استعمال میں تبدیلی پر غور کیا گیا۔
سابق علاءالدین پارک کے 18 ایکڑ رقبے کو زمینی سطح پر بس ڈپو بنانے کی تجویز دی گئی۔
اس فیصلے سے تقریباً 4 ارب روپے کی بچت اور تعمیراتی مدت میں کمی آئے گی۔
یوٹیلیٹی منتقلی اور دیگر بڑے حصوں کی تکمیل کے لیے بھی ٹائم لائن مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر جذام کیخلاف جدوجہد کی علامت
قازقستان اور پاکستان کے وفد کی ملاقاتیں
انڈس ڈیلٹا کے محفوظ جنگلات میں توسیع
ماحولیاتی تحفظ کے لیے ضلع سجاول میں 163,902 ہیکٹر سمندری زمین کو “محفوظ جنگلات” قرار دے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ علاقے سمندری طوفانوں کے خلاف قدرتی حفاظتی حصار ہیں اور بلیو کاربن ذخیرہ کرنے کی بڑی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے سے انڈس ڈیلٹا میں پہلے سے محفوظ جنگلات کے رقبے میں نمایاں اضافہ ہوگا۔


