کراچی میں طوفانی بارش اور شدید آندھی نے ساحلی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اڑا دیں، ماہی گیروں کو نقصان پہنچا، فوری ریلیف کی ضرورت ہے۔

ویب نیوزرپورٹ: ماریہ اسماعیل
کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں بدھ 19 مارچ 2026 کی رات 9 بجکر45 منٹ پرآنے والی تیز آندھی، طوفان اور موسلادھار بارش نے ساحلی پٹی کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچا دی ۔
کراچی میں طوفانی بارش اور آندھی کے بعد خاص طور پر مبارک ولیج سے لے کر لٹ بستی تک صورتحال انتہائی تشویشناک رہی، جہاں کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، دیواریں گر گئیں اور کچی آبادیاں مکمل طور پر متاثر ہوئیں ۔
مبارک ولیج، عبدالرحمان گوٹھ، سنگولین، بٹھا ولیج، کیا ماڑی، بابا بھٹ، ککا ولیج، یونس آباد، ٹکری ولیج، ابراہیم حیدری، ریڑی گوٹھ، علی اکبر شاہ گوٹھ، جمعہ گوٹھ، چشمہ گوٹھ اور لٹ بستی سمیت متعدد علاقوں میں شدید نقصان ہوا ہے ۔ تیز ہواؤں کے باعث جھونپڑیاں گر گئیں جبکہ کئی گھروں کی چھتیں اکھڑ گئیں ۔
کراچی میں طوفانی بارش اور آندھی جیسی آفت کے نتیجے میں متعدد ماہی گیر زخمی بھی ہوئے ہیں، جبکہ سمندر میں موجود لانچوں اور کشتیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے ماہی گیروں کا روزگار مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔مقامی افراد نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری امداد، زخمیوں کے علاج اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں
غیر قانونی تعمیرات کیخلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کراچی میں کارروائیاں تیز
نشیمن سینما: کراچی کی فلمی تاریخ کی خاموش یادگار
واضح رہے کہ ساحلی علاقوں کے رہائشی پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہیں، اور اس قدرتی آفت نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔کوسٹل میڈیا سینٹرابراہیم حیدری نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی ٹیمیں بھیجی جائیں، نقصانات کا جائزہ لیا جائے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ وہ اس مشکل وقت سے نکل سکیں ۔
دوسری جانب کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ کا مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ سلمان شاہ نے کارساز اور قیوم آباد چورنگی کا دورہ کرکے نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا ۔
شہر کی اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پی ڈی ایم اے کا عملہ 90 ایچ پی پمپس کے ساتھ موجود ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاھ نے کہاکہ کورنگی کراسنگ اور فلک ناز سمیت دیگر اہم شاہراہوں اور مقامات پر بروقت پمپس اورعملہ تعینات کیا گیا تھا۔

سلمان شاہ نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پرفوری طور پر پمپس روانہ کیے جا رہے ہیں، نکاسی آب کا عمل جاری ہے ۔
طوفانی بارشوں کے پیش نظر مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے بحالی گیانچند ایسرانی کی ہدایات پرعملہ الرٹ ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے کہاکہ متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔
سلمان شاہ نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر نکاسی آب کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اضافی مشینری بھی متحرک کر دی جائے گی، بارش کے پانی کی نکاسی تک فیلڈ ٹیمیں مختلف مقامات پر تعینات رہیں گی ۔


