آسٹریلیا ہم جنس شادی سے سیاسی پناہ و ویزا کی کوشش ناکام، ایف آئی اے نے پاکستانی نوجوان کو سری لنکا روانگی سے قبل گرفتار کر لیا
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ہم جنس شادی کے ذریعے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستانی نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کے مطابق ملزم کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ اسے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ سری لنکا کے راستے بیرون ملک روانگی کی کوشش کر رہا تھا۔

موبائل سے اہم شواہد
امیگریشن حکام کے مطابق ملزم کے موبائل فون کی جانچ کے دوران آسٹریلیا میں سیاسی پناہ اور ہم جنس شادی سے متعلق مواد برآمد ہوا، جو اس کے مبینہ منصوبے کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماضی کی غیر قانونی سرگرمیاں
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم پہلے بھی غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کر چکا ہے۔ حکام کے مطابق وہ بار بار غیر قانونی راستوں کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش کرتا رہا۔
سن 2019 میں اس نے ایران کے راستے یورپ جانے کی کوشش کی تھی، تاہم یونان پولیس نے اسے گرفتار کر کے ترکی واپس بھیج دیا۔ اسی طرح 2022 میں بھی وہ مالدیپ کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش میں تھا، لیکن اسے وہاں سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
مالی لین دین اور اعتراف
تحقیقات کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے آسٹریلوی شہری اسٹیون کرسٹوفر کو سیاسی پناہ کے عمل میں مدد کے لیے 40 لاکھ روپے ادا کیے۔ حکام کے مطابق مذکورہ آسٹریلوی شہری اپریل 2026 میں پاکستان آیا اور مبینہ طور پر ہم جنس شادی کا معاہدہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں
پاک چین تعاون: ٹیکسٹائل صنعت میں نئی شاہراہِ ریشم کی بنیاد
پنک اسکوٹی اسکیم کے نئے مرحلے کا اعلان
قانونی کارروائی
حکام کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔