روایتی چینی مرکز طب اسلام آباد میں مفت طبی کیمپ، سینکڑوں مریض مستفید، پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ پر تعاون میں اضافہ
شِنہوا
اسلام آباد : اسلام آباد میں قائم روایتی چینی مرکز طب، پاکستان چی ہوانگ کی سینئر نرس ثنا خان نے کہا ہے کہ مرکز معمول کے طبی معائنے اور علاج کے لئے آنے والے مریضوں کا گرمجوشی سے استقبال کر رہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ پانچ روزہ امدادی تقریب کی کامیابی کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کئے گئے ۔
مفت طبی کیمپ اور 75ویں سالگرہ کی تقریبات
30 مارچ سے 3 اپریل تک پاکستان اوورسیز چائنیز ایسوسی ایشن نے پاکستان میں چینی سفارت خانے کے تعاون سے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا ۔
روزانہ درجنوں مریض مستفید
ثنا خان کے مطابق مرکز میں مریضوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ۔ روزانہ تقریباً 60 سے 70 مریض، جن میں بیرون ملک مقیم چینی باشندے اور پاکستانی شہری شامل تھے، معائنہ، مشاورت اور علاج کے لئے آئے۔ مریضوں میں ابتدائی طبی امداد کے کٹس بھی مفت تقسیم کئے گئے ۔

مریضوں کا مثبت ردعمل
اسلام آباد کی طالبہ ساجدہ مصطفیٰ نے طبی معائنے کے بعد بتایا کہ مرکز کی خدمات انتہائی معیاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام ٹیسٹ مکمل کر چکی ہیں اور نتائج حوصلہ افزا رہے ۔
ساجدہ مصطفیٰ، جو چینی حکومت کے اسکالرشپ پر پوسٹ ڈاکٹورل ڈگری کے لئے چین جا رہی ہیں، نے کہا کہ یہ تجربہ نہایت مفید ثابت ہوا ۔
مقامی اور غیر ملکی افراد کے لئے سہولت
انہوں نے مزید کہا کہ اس طبی کیمپ نے نہ صرف پاکستان میں مقیم چینی باشندوں بلکہ مقامی آبادی، خصوصاً ان افراد کو بھی فائدہ پہنچایا جنہیں معیاری طبی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
چینی کاروباری خاتون کا اظہار خیال
پاکستان میں کام کرنے والی چینی کاروباری خاتون بائی فورونگ نے کہا کہ پاکستانی عملہ اپنی ذمہ داریاں نہایت پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ۔

طبی عملے کی خدمات اور کارکردگی
لیب ٹیکنیشن اعزاز حسین کے مطابق فری کلینک کے آغاز کے بعد مریضوں کی بڑی تعداد نے مرکز کا رخ کیا۔ افتتاحی روز 100 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ طبی عملے نے منظم انداز میں مریضوں کے ٹیسٹ اور علاج کو یقینی بنایا ۔
یہ بھی پڑھیں
مرتضیٰ وہاب: کراچی کے موجودہ میئر، کارکردگی، ترقیاتی منصوبے اور تنقید
روایتی چینی طب کا فروغ
مرکز میں خدمات انجام دینے والے چینی ڈاکٹر لا جی لیان گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں روایتی چینی طب کے فروغ کے لئے سرگرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز پاکستان میں روایتی چینی طب کے نمایاں اداروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں آکوپنکچر کے علاج میں مہارت حاصل ہے ۔
ڈاکٹر لا جی لیان نے کہا کہ روایتی چینی طب، چین کی ثقافت کا اہم حصّہ ہے اور اُمید ظاہر کی کہ مزید پاکستانی اس طریقہ علاج کو سمجھیں گے اور اس سے فائدہ اٹھائیں گے ۔


