محکمہ بلدیات اور پبلک ہیلتھ میں عوامی مفاد کے کاموں
کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے افسران ایمانداری کے
ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیں۔
کراچی: وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ اور رورل ڈویلپمنٹ سندھ سعید غنی نے
کہا ہے کہ محکمہ بلدیات سندھ اور پبلک ہیلتھ میں عوامی مفاد کے تمام کاموں کو ترجیعی بنیادوں پر حل کیا
جائے گا۔ آئندہ ایک سے دو روز میں محکمہ بلدیات سندھ کے ماتحت تمام محکموں کا اجلاس طلب کرکے
افسران سے تفصیلی بریفنگ کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی
وزارت کا منصب سنبھالنے کے پہلے ہی روز نیو سندھ سیکرٹریٹ میں صبح 10 بجے اپنے دفتر پہنچ کر
افسران سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ منظور شیخ
سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ سہیل قریشی، ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو، پی ڈی کلک
آصف جان صدیقی، ڈی جی کے ڈی اے، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ امتیاز سمیت دیگر افسران نے ملاقات
کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ جو ذمہ داری مجھے میری پارٹی نے سونپی ہے
اس ذمہ داری کو عوامی مفاد کے لئے ہر ممکن طریقے سے پورا کرنا ہوگا اور اس کے لئے تمام افسران مکمل
ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ چونکہ اب
انتخابات مکمل ہونے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل طور پر اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھال
چکی ہیں اور اب ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ سعید غنی نے ایڈیشنل
چیف سیکرٹری اور تمام محکموں کے افسران کو ہدایات دی کہ وہ اپنے محکموں کی تفصیلی رپورٹ
مرتب کریں اور آئندہ دو روز میں تمام بلدیاتی محکموں کی تفصیلی بریفنگ لی جائے گی۔