October 15, 2025
47, 3rd floor, Handicraft Building , Main Abdullah Haroon Road, Saddar Karachi, Pakistan.
کراچی ترقیاتی منصوبے: میئر مرتضیٰ وہاب نے کیا واقعی شہر کا نقشہ بدل دیا؟
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

کراچی ترقیاتی منصوبے: میئر مرتضیٰ وہاب نے کیا واقعی شہر کا نقشہ بدل دیا؟

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ترقیاتی منصوبے کراچی کے انفرااسٹرکچر کی

بحالی، سڑکوں، پارکس اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔

ویب نیوز : ڈیسک رپورٹ

کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو سہانے خواب دکھائے، بڑے بڑے وعدے اوراعلانات کیے مگر کسی وعدے کو وفا نہیں کیا؟ انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وعدوں پر تنقید سے بچنے کے لیے وہ خود کراچی چھوڑ کر لاہور چلے گئے، اب ہفتے میں ایک بار آکر شہر کی سڑکوں پراحتجاج کرتے ہیں اور شہریوں کی تکلیف میں اضافہ کرتے ہیں ۔

جن لوگوں پر کراچی والوں نے امیدیں وابستہ کیں، وہ ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلا تفریق خدمت کا منشوراپنایا ۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وعدہ کیا تھا کہ کراچی کے ہر ضلع، ٹاؤن اورعلاقے میں پیپلز پارٹی کے نمائندے عوامی اختیار کو امانت سمجھ کرعوام کی فلاح پرخرچ کریں گے ۔

آج میری اور کے ایم سی انجینئرنگ ٹیم کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق عملی طور پر شہر میں کام کر رہی ہے ۔

ہم یہ نہیں دیکھتے کہ علاقہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی یا مسلم لیگ کا ہے، ہمارے نزدیک یہ علاقہ کراچی والوں کا ہے اور ان کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے ۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے پورے شہر میں خدمت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، کراچی کی 106 بڑی شاہراہوں کی تعمیر و بحالی، پلے گراؤنڈز اور پارکس کی بحالی پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

ہمیں معلوم ہے کہ عام شہری جب اپنے گھر سے نکلتا ہے تو بہتر سڑک، صاف ماحول اور بنیادی سہولیات اس کا حق ہیں اور پیپلز پارٹی یہ حق ہر شہری تک پہنچائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع وسطی کی مختلف یوسیز میں ترقیاتی اسکیموں کا سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، پاکستان پیپلزپارٹی کی تنظیم کے صدر سردار خان، جنرل سیکریٹری شہزاد مجید، اسد حنیف، منتخب نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے ۔

میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ضلع وسطی کی یو سی 7 اور یوسی 8 میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے جبکہ نیو کراچی فیز ٹو میں یو سی 03، یو سی 9-بی، سیکٹر 11-ای اور 11-ڈی میں کارپٹنگ اور پیور بلاکس کا کام تیزی سے جاری ہے ۔

میئر کراچی نے بتایا کہ ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 28 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئے گی، 50 ہزار مکعب فٹ سب بیس کورس مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ 3.5 لاکھ مکعب فٹ سے زائد ایگریگیٹ بیس کورس بچھایا جائے گا ۔

اس کے علاوہ 3.3 لاکھ مربع فٹ کارپٹ ورک اور 3.5 لاکھ مربع فٹ سے زائد پیور بلاکس لگانے کا کام بھی مکمل کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں کی بحالی سے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت میسر آئے گی اور ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام کام ان کے وژن کے مطابق کراچی کے انفرااسٹرکچر کی ازسرِ نو تعمیر کے منصوبے کا حصہ ہیں جس کے تحت شہر کی سڑکوں، پارکس اور دیگر شہری سہولیات کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے ۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نیو کراچی کے علاقے کالا اسکول پر سوا دو لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاکس لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے، کچھ لوگ روز منافقت دکھاتے ہیں لیکن عملی طور پر دھیلے کا کام نہیں کرتے ۔ ٹاؤنز نے روڈ کٹنگ کی مد میں رقم تو وصول کر لی مگر تعمیراتی کام نہیں کیے ۔

انہوں نے کہا کہ حیدری میں ہاشم رضا روڈ مدنی مال کے قریب سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے جبکہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن جسے فرشتوں کا ٹاؤن کہا جاتا ہے نے ڈھائی ارب روپے روڈ کٹنگ کی مد میں لیے لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں سڑک تعمیر کررہی ہے اور وہاں کے نالے بھی پیپلز پارٹی کی انتظامیہ بنا رہی ہے جن لوگوں نے عوام کو دھوکے میں رکھا ان کی منافقت کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا ۔

کراچی کے ہرعلاقے میں عملی کام کے ذریعے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا اور خدمت کی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا ۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس سال 28 ارب روپے کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے اورآج شہر کے ہر گلی، محلے میں ترقیاتی کام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے ۔ کراچی رنگ و نسل سے بالاتر تمام شہریوں کا شہر ہے، ہمیں تنقید اور تعصب کی سیاست ختم کرکے لوگوں کے دلوں کو جوڑنا ہوگا ۔

میئر کراچی نے کہا کہ جس جگہ مرتضیٰ وہاب جاتا ہے وہاں کام ضرور ہوتا ہے، انہوں نے ایک بزرگ شہری کے حوالے سے بتایا کہ ماضی میں لوگ صرف فیتہ کاٹ کر چلے جاتے تھے مگر میں آیا ہوں تو کام کر کے جاؤں گا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو دکھاوے کی نہیں بلکہ عملی خدمت کی سیاست چاہیے،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خود کراچی کے ترقیاتی کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں اورمجھ سے پوچھتے ہیں کہ کراچی والوں کے لیے کیا کر رہے ہو۔

اگر کہیں کام نہ ہو تو شہری براہِ راست پارٹی کے نمائندوں سے سوال کر سکتے ہیں ۔ میئر کراچی نے کہا کہ بہتری اور ترقی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہر کو بہتر، صاف اور جدید بنانے کے مشن پر گامزن ہے ۔

میئر کراچی نے کہا کہ منگھو پیر روڈ کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ پاور ہاؤس اور فور کے چورنگی پر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے ۔

عوامی نمائندوں نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کا حلف لیا ہے، اس لیے سب کو عملی کام پر توجہ دینی چاہیے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی دن رات محنت کر رہی ہے ۔ عوامی نمائندے بھی ان کے شانہ بشانہ کام کریں ۔

یہ بھی پڑھیں

سانپ اور انسانی فطرت کا حیران کن موازنہ: کیا انسان سانپ سے زیادہ چالاک ہے؟

پی پی پی پالیسی کے تحت سندھ میں 500 الیکٹرک بسیں اور نیا ایکسپریس وے آرہے ہیں

انہوں نے کہا کہ میں خود پیلے اسکول سے پڑھا اور اب پیلے پتھر والی بلڈنگ میں بیٹھا ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا یہ سڑکیں الخدمت کے پیسوں سے بنانے جا رہے ہیں؟ نالوں پر تجاوزات کے خلاف کارروائی ہوتی ہے تو کچھ لوگ عدالتوں کا رخ کر لیتے ہیں ۔

میئر کراچی کا کہنا ہے کہ ناتھا خان پل کے متبادل راستے پرکام جاری ہے جبکہ ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک پولیس الیکٹرانک چالان کے نظام کو بہتر بنا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگے چالان صرف موٹر سائیکل یا کار مالکان کے لیے نہیں بلکہ بھاری گاڑیوں اور ڈمپرز کے خلاف بھی کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنایا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

×