لیاری کے ککری گراؤنڈ میں چار روزہ تھرڈ اسٹیج صوبائی باکسنگ چیمپئن شپ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، 6 ڈویژنز سے 48 گرلز اور 137 بوائز کی شرکت

ویب نیوز رپورٹ: ماریہ اسمعیل
کراچی : ایک بار پھر سے لیاری کھیلوں کی سرگرمیوں سے روشن ہو گیا ۔ تاریخی ککری گراؤنڈ میں چار روزہ تھرڈ اسٹیج صوبائی باکسنگ چیمپئن شپ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سندھ کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے ۔
ایونٹ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ پاک آرمی اسپانسر ہے ۔

185 کھلاڑیوں کی شرکت
چیمپئن شپ میں سندھ کی 6 ڈویژنز سے مجموعی طور پر 185 کھلاڑی شریک ہیں ۔ ان میں 48 گرلز اور 137 بوائز شامل ہیں ۔
نوجوان باکسرز جوش اورعزم کے ساتھ رنگ میں اترے ۔ مقصد اپنی صلاحیتوں کا اظہار اور آگے بڑھنے کے مواقع حاصل کرنا ہے ۔
سنسنی خیز کوارٹر فائنلز
ایونٹ کے پہلے روز کوارٹر فائنل کے دلچسپ مقابلے ہوئے ۔ مختلف ویٹ کیٹیگریز میں باصلاحیت باکسرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی ۔
سیمی فائنل تک رسائی کے لیے سخت اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا ۔ شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی ۔

مہمانانِ خصوصی کا اظہار خیال
تقریب کے مہمانِ خصوصی سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے اصغر بلوچ اور دیگر معزز شخصیات تھیں ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔
انہوں نے کہا کہ لیاری جیسے علاقوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔ ضرورت صرف مواقع فراہم کرنے کی ہے ۔ منتظمین کے مطابق ایسے ایونٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں ۔ اس سے لیاری کا پرامن اور مثبت تشخص بھی اجاگر ہوتا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں
کیا مسٹر یونیورس شہروز خان کی کامیابی پر حکومت سپورٹ کرے گی؟
خیبر پختونخوا شکار سیزن 2025-26 کب شروع ہوگا؟
چیمپئن شپ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ لیاری آج بھی امن، ٹیلنٹ اور کھیلوں کا گڑھ ہے ۔


