سندھ میں ای وی ٹیکسی سروس منصوبہ خواتین کے تحفظ، روزگار کے مواقع اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار

ویب نیوز رپورٹ: ماریہ اسمعیل
کراچی : سندھ میں ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں سندھ گورنمنٹ آفیسرز کلب کراچی میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی، جہاں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر سرپرستی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) کنول نظام بھٹو، نجی شعبے کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔
منصوبہ قیادت کے وژن کا عکاس
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا عکاس ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حکومت سندھ نے نمایاں پیش رفت کی ہے اور اس کے کئی منصوبے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے مثال بن رہے ہیں ۔

خواتین کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ منصوبے
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پنک بس سروس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر خواتین ہیں، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار الیکٹرک وہیکل بسز (ای وی بسز) شروع کی گئیں، جبکہ پنک ای وی اسکوٹیز بھی پہلی مرتبہ متعارف کروائی گئیں ۔
ان منصوبوں کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں معاشی و سماجی طور پر آگے لانا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ جب پنک اسکوٹیز اسکیم شروع کی گئی تو صرف 160 خواتین کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا، تاہم اب تقریباً 20 ہزار خواتین لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں۔ حکومت سندھ خواتین کو مفت اسکوٹی ٹریننگ بھی فراہم کر رہی ہے ۔
خواتین کے تحفظ اور روزگار کا منصوبہ
انہوں نے کہا کہ پنک ای وی ٹیکسی سروس کا مقصد خواتین میں تحفظ کے احساس کو فروغ دینا اور انہیں محفوظ سفری ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں ۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج خواتین مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں اور اب وہ فائر فائٹنگ طیاروں کی پائلٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں ۔
انہوں نے اس منصوبے میں تعاون پر سندھ بینک اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا ۔

ای وی گاڑیوں کے فروغ پر زور
سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ گاڑیوں کی خریداری میں الیکٹرک وہیکل گاڑیوں کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک سے ای وی گاڑیاں پاکستان آ رہی ہیں اور عوام بھی انہیں ترجیح دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں ای وی گاڑیوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کی خواہش ہے اور صنعتکاروں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آنا چاہیے ۔
سیاسی و معاشی امور پر گفتگو
ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گرین پاسپورٹ کی عزت کے حوالے سے مختلف دعوے کیے جاتے رہے ہیں، تاہم بھارت کو شکست کے بعد دنیا بھر میں پاکستانی گرین پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کا اہم کردار ہے جبکہ بھارتی وزیر خارجہ غیر اخلاقی زبان استعمال کر رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے پاس دلائل ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا قومی یکجہتی، وفاقی حکومت اور پاک افواج کی مشترکہ کاوشوں کو جاتا ہے ۔
نریندر مودی کا کینیڈین حکومت کے اقدام کا جواب
مہنگائی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومتیں اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں اور مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے ۔
پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف سے متعلق بیان
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو خطوط لکھے گئے کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں جن سے ملک کو نقصان پہنچے۔ پاکستان کے مفادات کے خلاف کوئی بات قابل قبول نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام منصوبے شفاف ہیں اور مختلف کمپنیاں ای وی ٹیکسی منصوبے میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتی ہیں ۔
سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر نے کہا کہ اس پروگرام کا حصہ بننا خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سرمایہ کاری کے ذیلی ادارے سندھ اکنامک ڈیولپمنٹ فنڈ (ایس ای ڈی ایف) کی شمولیت باعث فخر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی بہتری عوام کا دیرینہ خواب تھا اور سندھ بینک نے سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے بھی ایس ای ڈی ایف کی طرز پر پروگرام شروع کیا ہے جبکہ وفاق بھی اسی طرح کے اقدامات پر غور کر رہا ہے ۔
ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی ضرورت
سندھ بینک کے صدر انوار شیخ نے کہا کہ موجودہ ماحولیاتی حالات میں الیکٹرک وہیکل گاڑیاں وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت، محکمہ ٹرانسپورٹ اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
اسی موقع پر سندھ بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر اسد شاہ نے کہا کہ اس منصوبے کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔


