خیرپور ایم پاکس کیسز میں سات نوزائیدہ اموات، چار میں وائرس کی تصدیق مگر اموات کی اصل وجوہات کمزوری، قبل از وقت پیدائش اور پیچیدگیاں قرار

ویب نیوز رپورٹ : ماریہ اسماعیل
کراچی : محکمہ صحت حکومت سندھ نے ضلع خیرپور میں نوزائیدہ بچوں میں ایم پاکس (ایم پاکس) کے کیسز سامنے آنے کے بعد تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے ۔
محکمہ صحت نے جاں بحق ہونے والے سات بچوں کے لواحقین سے گہرے دُکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
اموات کی وجوہات کیا سامنے آئیں؟
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سات میں سے چار بچوں میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ۔ تاہم طبی ماہرین کے ریویو کے مطابق ان بچوں کی اموات براہِ راست منکی پاکس سے نہیں ہوئیں ۔
تمام جاں بحق ہونے والے بچے پیدائشی طور پر انتہائی کمزور تھے۔ ان میں وزن کی شدید کمی، غذائی قلت اورقبل از وقت پیدائش (پری میچیورٹی) پیچیدگیاں موجود تھیں ۔

کیسز کی ابتدائی نشاندہی
خیرپور میں 14 مارچ 2026 کو بچوں کی جلد پر غیر معمولی دانوں کی اطلاع ملی ۔ بعد ازاں ڈاؤ یونیورسٹی (اوجھا کیمپس) اور آغا خان یونیورسٹی کی لیبارٹریز نے مجموعی طور پر سات نوزائیدہ بچوں میں ایم پاکس کی تصدیق کی ۔
ہسپتالوں میں ہنگامی اقدامات
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے خیرپور میڈیکل کالج ہسپتال کے نوزائیدہ انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) کو عارضی طور پر بند کیا گیا ۔ علاوہ ازیں ایک نجی ہسپتال کا یونٹ بھی سیل کر دیا گیا ۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی ہدایت پر ماہرین کی ٹیم نے انڈیکس کیس کی نشاندہی کی ، وائرس کے پھیلاؤ کے ممکنہ ذرائع کا سراغ لگایا ۔

نگرانی اور کنٹرول کے اقدامات
ضلع خیرپور اور گردونواح میں کانٹیکٹ ٹریسنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے ۔ نگرانی بھی سخت کر دی گئی ۔
تمام ہسپتالوں میں انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (آئی پی سی) پروٹوکولز نافذ کر دیے گئے ۔
طبی آلات کی جراثیم کشی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔
محکمہ صحت کے مطابق، صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے ۔ سکھر اور خیرپور کے بڑے ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹرز مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں ۔
عوام کیلئے ہدایات
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں فوری طور پر قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں ۔
نئی پیش رفت: وفاقی سطح پر ایکشن
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی سطح پر بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پاکستان کے موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے خیرپور میں منکی پاکس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔
ادارہ صحت کے ماہرین کی ٹیم اسلام آباد سے خیرپور روانہ ہو چکی ہے ۔
مٹیاری واقعہ: بچوں پر کتے چھوڑنے کا الزام، معصوم بچی شدید زخمی
رپورٹنگ میں تاخیر پر تشویش
وفاقی وزارت صحت نے صوبوں کی جانب سے بروقت رپورٹنگ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
صوبائی حکام سے کیسز کا ڈیٹا فوری شیئر کرنے کا مطالبہ
نمونے قومی ریفرنس لیبارٹری اسلام آباد بھیجنے کی ہدایت
قومی ادارہ صحت نے خط میں واضح کیا کہ بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشنز کے تحت بروقت رپورٹنگ لازمی ہے ۔
حکام وماہرین کیا کہہ رہے ہیں
حکام کے مطابق صورتحال قابو میں ہے، تاہم احتیاطی اقدامات اور بروقت رپورٹنگ نہایت ضروری ہے ۔ ماہرین کے مطابق مؤثر نگرانی اور انفیکشن کنٹرول ہی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔


