How Did the PK Movie Change a Beggar's Fate?

پی کے فلم میں 5 سیکنڈ کے کردار سے شہرت پانے والے منوج رائے نے بھیک مانگنا چھوڑ کر کریانہ کی دکان کھول لی اور نئی زندگی کا آغاز کیا۔

ویب نیوز ڈیسک رپورٹ

ممبئی: بھارتی فلم ساز راجکمار ہیرانی کی مشہور بالی وڈ فلم “پی کے” میں صرف 5 سیکنڈ کے لیے نظر آنے والے ایک نابینا بھکاری کے کردار نے حقیقی زندگی میں ایک شخص کی قسمت بدل دی۔

سن 2014 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں بھکاری کے کردار کے لیے 8 حقیقی بھکاریوں میں سے منوج رائے کا انتخاب کیا گیا تھا۔

فلم کے ایک مختصر منظر میں منوج رائے سڑک کنارے پل کے پاس چھڑی، کشکول اور سیاہ چشمہ لیے بھیک مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔ اسی دوران فلم کے مرکزی کردار پی کے کا کردار ادا کرنے والے عامر خان ان کے کشکول سے کچھ رقم نکالتے ہیں۔

فلم میں منوج رائے کا کردار چند سیکنڈز پر مشتمل تھا، تاہم فلم کی ریلیز کے بعد ان کی زندگی مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔

مختصر کردار، بڑی تبدیلی

فلم میں منوج رائے کا کردار چند سیکنڈز پر مشتمل تھا، تاہم فلم کی ریلیز کے بعد ان کی زندگی مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔

اداکاری کے عوض انہیں 16 ہزار بھارتی روپے معاوضہ ملا، جس کے بعد وہ ریاست آسام کے سونیت پور ضلع میں واقع اپنے آبائی گاؤں واپس چلے گئے۔

گاؤں پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے بھیک مانگنے کا پیشہ ترک کرکے ایک کریانہ اسٹور قائم کیا، جسے وہ آج بھی کامیابی سے چلا رہے ہیں۔

غربت سے جدوجہد کی داستان

انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے منوج رائے کا بچپن شدید مشکلات میں گزرا۔ ان کے والد یومیہ اجرت پر کام کرتے تھے جبکہ والدہ کا انتقال ان کے بچپن میں ہوگیا تھا۔

والد کی بیماری اور گھریلو حالات کے باعث انہوں نے پانچویں جماعت کے بعد تعلیم چھوڑ دی۔

روزگار کی تلاش میں وہ دہلی منتقل ہوئے اور گزر بسر کے لیے بھیک مانگنے لگے۔ منوج نے نابینا ہونے کا تاثر دے کر بھیک مانگنے کا سلسلہ شروع کیا۔

فلم تک پہنچنے کا دلچسپ سفر

منوج رائے کے مطابق، ایک روز فلم سے وابستہ افراد نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اداکاری کرسکتے ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ “دو وقت کی روٹی کے لیے میں روز اداکاری ہی تو کرتا ہوں۔”

بعد ازاں انہیں 20 روپے کا نوٹ اور ایک فون نمبر دیا گیا۔ اگلے روز رابطہ کرنے پر وہ اسٹیڈیم پہنچے، جہاں متعدد افراد موجود تھے۔ وہاں موجود 7 دیگر بھکاریوں میں سے انہیں اس کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

فائیو اسٹار ہوٹل کا منفرد تجربہ

منوج رائے نے بتایا کہ جب انہیں دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کی سہولت دی گئی تو وہ حیران رہ گئے۔ ان کے بقول، کچی آبادی میں رہنے کے باعث پانی کی کمی کی وجہ سے کئی کئی دن نہانے کا موقع نہیں ملتا تھا، لیکن ہوٹل میں انہوں نے سوئمنگ پول سے بھی خوب لطف اٹھایا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں عامر خان اور انوشکا شرما کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھیں

ایٹمی ذخائر رپورٹ: روس، امریکا آگے، پاکستان اور بھارت کہاں؟

آم کھائیں اور ان بیماریوں سے دور رہیں

مستقبل کے خواب

منوج رائے کا کہنا ہے کہ لوگ اب انہیں “پی کے ہنی سنگھ” کے نام سے جانتے ہیں۔ ان کا ایک فیس بک اکاؤنٹ بھی موجود ہے اور وہ مستقبل میں آسامی اور بنگالی فلموں میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ منوج رائے کی کہانی اس بات کی مثال ہے کہ زندگی میں ملنے والا ایک مختصر موقع بھی انسان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *