لیکوڈ ٹری: فیصل آباد کے محققین کا انقلابی بائیو آرٹیفیشل نظام جو 50 درختوں کے برابر فضا صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
فیصل آباد: محققین نے ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے جدید بائیو آرٹیفیشل لیکوڈ ٹری تیار کر لیا۔
اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے والے روایتی درختوں کی افزائش اور ان کی فضا صاف کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے میں کئی سال لگتے ہیں۔
اسی تناظر میں فیصل آباد کے ریسرچرز نے ایک ایسا جدید بائیو آرٹیفیشل لیکوڈ ٹری تیار کیا ہے جو اکیلا 50 درختوں کے برابر فضا صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

محکمہ ماحولیات پنجاب اور فیصل آباد کے نجی ادارے کی مشترکہ کاوش سے تیار ہونے والا یہ لیکوڈ ٹری شیشے کے مرتبان میں قدرت کے ضیائی تالیف کے عمل کو تیز رفتاری سے دہراتا ہے۔
اس میں نصب ہائی ٹیک پمپس آلودہ ہوا اور اسموگ کے زہریلے ذرات کو کھینچ کر پانی کے مرتبان میں داخل کرتے ہیں۔ وہاں موجود مائیکرو الجی کاربن اور خطرناک گیسوں کو جذب کرتی ہے اور بدلے میں بڑی مقدار میں خالص آکسیجن خارج کرتی ہے۔
لیکوڈ ٹری کی تجرباتی کامیابی کے بعد حکومت پنجاب نے اسے ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے استعمال کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
عوام دوست بجٹ: مراد علی شاہ کو شاباش، شرف النسا شبنم
ٹرمپ نے عاصم منیر کی ایک اور تعریف کردی
ماہرین کے مطابق ایک لیکوڈ ٹری کی تیاری میں 15 سے 20 دن درکار ہوتے ہیں۔ چھوٹا لیکوڈ ٹری 25 اور بڑا لیکوڈ ٹری 50 درختوں کے برابر ماحول صاف کر سکتا ہے۔ مسلسل روشنی فراہم کر کے اس کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
محکمہ تحفظ ماحولیات نے تجرباتی نتائج کے بعد اس ٹیکنالوجی کو منظوری کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا ہے۔