سندھ پولیس نے میڈیا بریفنگ، انٹرویوز، پریس کانفرنس اور ڈیجیٹل میڈیا پر شرکت کو آئی جی سندھ کی پیشگی منظوری سے مشروط کر دیا۔
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
کراچی: سندھ پولیس نے افسران کے لیے میڈیا بریفنگ اور انٹرویوز سے قبل پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دے دیا ہے۔ آئی جی سندھ کے احکامات پر اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل (آپریشنز) نے اس حوالے سے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

پیشگی منظوری لازمی قرار
سینٹرل پولیس آفس سے جاری ہدایت نامے کے مطابق، کوئی بھی پولیس افسر آئی جی سندھ کی پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا پر نہیں آسکے گا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی، ریڈیو پروگرام، پوڈکاسٹ اور پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
ڈیجیٹل میڈیا پر بھی پابندی
ہدایت نامے کے مطابق، ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر عوامی فورمز پر سرکاری حیثیت میں شرکت بھی پیشگی اجازت سے مشروط ہوگی۔
اجازت حاصل کرنے والے افسران صرف منظور شدہ ایجنڈے تک ہی اپنی گفتگو محدود رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں
کرپٹو کرنسی جائز، 13 ماہ قبل فتویٰ جاری کر چکے ہیں: مولانا بشیر فاروق
ایران کا کویت میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل اور ڈرون حملے کا دعویٰ
حساس معلومات کے افشا پر پابندی
ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ جاری تحقیقات، انٹیلی جنس اور آپریشنل معاملات سے متعلق حساس معلومات ظاہر کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔
تمام نگران افسران کو ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس پر محکمانہ کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔