دنیا کا سب سے پست قامت جوڑا جس کی دلچسپ کہانی جو محبت، جدوجہد اور منفرد طرزِ زندگی کی خوبصورت مثال پیش کرتی ہے۔
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
برازیل کے علاقے ایٹا پیوا سے تعلق رکھنے والے پاؤلو گیبرئیل ڈی سلوا بیروس اور کاتیوچیا لیے ہوشینو کو دنیا کا سب سے چھوٹے قد کا حامل شادی شدہ جوڑا قرار دیا گیا ہے۔
ایک برازیلی ٹی وی شو میں ان کے گھر کی خصوصی جھلک پیش کی گئی، جہاں یہ دونوں اپنی روزمرہ زندگی گزارتے ہیں۔ پاؤلو گیبرئیل کی عمر 40 سال جبکہ کاتیوچیا لیے ہوشینو کی عمر 36 سال ہے۔

ان دونوں کا مجموعی قد 71.42 انچ بتایا جاتا ہے، جس کے باعث ان کے گھر کو بھی خاص انداز میں ان کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
گھر میں دروازوں کے ہینڈل اور لائٹ سوئچ عام گھروں کی نسبت کافی نیچے نصب کیے گئے ہیں۔ کچن کاؤنٹر، الماریاں اور دیگر اشیاء بھی ان کے قد کے مطابق تیار کی گئی ہیں تاکہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

پاؤلو گیبرئیل کے مطابق کچن کا سنک بھی اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ روزمرہ کام، خاص طور پر برتن دھونا، آسان ہو سکے۔
گھر میں ہلکے وزن کے پلاسٹک اسٹول بھی رکھے گئے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر اونچی جگہوں تک رسائی ممکن ہو سکے۔ فرنیچر بھی مکمل طور پر ان کی سہولت کے مطابق بنایا گیا ہے۔

کاتیوچیا لیے ہوشینو نے بتایا کہ یہ گھر ان کے لیے انتہائی آرام دہ اور محفوظ جگہ ہے۔ ان کے مطابق جب وہ باہر جاتے ہیں تو عام دنیا کے ساتھ مطابقت پیدا کرنی پڑتی ہے، لیکن گھر ان کی “محفوظ جنت” ہے۔
یہ بھی پڑھیں
دنیا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل کیمرے نے کیا دیکھا؟
سندھ میں محفوظ خون کی فراہمی کا جدید نظام قائم
دونوں کی محبت کا آغاز تقریباً دو دہائیاں قبل آن لائن ملاقات سے ہوا تھا۔ بعد ازاں ایک سال کے اندر انہوں نے فوٹو شوٹ کیا اور پھر 2016 میں لندن میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس جوڑے کو دنیا کا سب سے پست قامت شادی شدہ جوڑا قرار دیا ہے۔