فارسی زبان تعاون: پاکستان اور ایران کے درمیان اکیڈمک شراکت داری، ثقافتی ورثے اور تدریسی معیار بڑھانے پر اتفاق
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
کراچی: جامعہ کراچی کے فارسی زبان و قواعد (گرامر) کے شعبے کے سرکردہ افراد نے کراچی میں واقع ایرانی قونصل خانے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل جناب اکبر عیسیٰ زادہ سے ملاقات کی۔
فارسی زبان کے فروغ پر گفتگو
ملاقات میں فارسی زبان کے فروغ اور ایران و پاکستان کے درمیان اکیڈمک تعلقات مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
شرکا نے برصغیر کے تعلیمی نظام میں فارسی زبان کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
جامعہ کراچی کے شعبہ فارسی سے وابستہ افراد نے اپنے تعلیمی پروگراموں اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں فارسی زبان کے فروغ کے لیے مختلف کورسز اور پروگرامز کی تجاویز بھی پیش کیں۔

فارسی زبان کو رابطے کا ذریعہ بنانے پر زور
اکبر عیسیٰ زادہ نے جامعہ کراچی کی اہمیت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فارسی زبان دو قوموں کے مشترکہ ورثے کو سمجھنے کا اہم ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فارسی زبان کے فروغ میں موجود چیلنجز اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں فارسی زبان کو صرف ایک مضمون نہیں بلکہ افہام و تفہیم کا ذریعہ بنایا جائے۔
ان کے مطابق اس سے طلبہ نہ صرف تعلیم بلکہ معاشی اور تجارتی شعبوں میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
روزگار کے مواقع اور طلبہ کی دلچسپی
شعبہ فارسی سے وابستہ اساتذہ نے کہا کہ اگر طلبہ فارسی زبان کو مہارت کے ساتھ سیکھیں تو یہ ان کے لیے روزگار کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔
ان کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی میدان میں ان مہارتوں کا استعمال فائدہ مند ہوگا۔
اس سے طلبہ میں فارسی زبان سیکھنے کی دلچسپی بھی بڑھ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
ٹرمپ دورۂ چین: امریکی صدر بیجنگ پہنچ گئے
شِنہوا کانفرنس: چین اور عرب میڈیا تعاون کے فروغ پر زور
پجیس سال بعد اہم پیش رفت
جامعہ کراچی کے شعبہ فارسی سے وابستہ افراد نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ تقریباً 25 سال کے طویل وقفے کے بعد ایران سے فارسی زبان کے ماہر پروفیسر تدریس کے لیے کراچی آئے ہیں۔
ان کے مطابق اس پیش رفت سے تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری آ رہی ہے۔ تدریسی معیار بہتر ہو رہا ہے۔ اور ایران کی جامعات کے ساتھ اکیڈمک تعلقات بڑھانے کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔


