سمندری پانی کو سورج کی روشنی سے پینے اور کاشتکاری کے قابل بنانے والا نیا نظام، توانائی کی ضرورت 45.7 فیصد کم اور لاگت بھی کم۔
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
چین کے سائنسدانوں نے ایسی نئی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو سمندر کے کھارے پانی کو پینے کے قابل تازہ پانی میں تبدیل کر دیتی ہے۔
اس ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ سمندری پانی کو صاف کرنے کا یہ عمل دکان سے بوتل بند منرل واٹر خریدنے سے بھی سستا ثابت ہو سکتا ہے۔

بغیر بجلی ایک سال تک کام کرنے والا نظام
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، روایتی طور پر سمندری پانی سے نمک الگ کرنے کے عمل کے لیے بہت زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے یہ ٹیکنالوجی زیادہ تر امیر ممالک میں استعمال کی جاتی ہے، جبکہ اس میں ماحول کے لیے نقصان دہ خام ایندھن بھی بڑی مقدار میں استعمال ہوتا ہے۔
تاہم، چین کے سائنسدانوں نے ایک ایسی ابتدائی نمونہ ڈیوائس تیار کی ہے جو ایک سال تک بغیر بجلی یا کسی بیرونی توانائی کے کام کر سکتی ہے۔
اس نظام کو توانائی کے لیے صرف سورج کی روشنی درکار ہوتی ہے۔

نئے فوٹو تھرمل مادے سے کامیابی
چائنیز اکیڈمی آف سائنسز اور شینزن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے یہ کامیابی ایک نئے فوٹو تھرمل مادے کی مدد سے حاصل کی۔
محققین نے نینو ذرات کو تھری ڈی ساخت کے ساتھ جوڑا، جس سے سورج کی روشنی کے ذریعے سمندری پانی سے نمک الگ کرنے کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ہو گیا۔
توانائی کی ضرورت میں نمایاں کمی
تجربات کے دوران اس مادے نے سورج کی 90.2 فیصد حرارت جذب کی، جبکہ سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لیے درکار توانائی کی ضرورت 45.7 فیصد تک کم ہو گئی۔
کاشتکاری میں بھی کامیاب آزمائش
چھوٹے پیمانے پر ایک آزمائشی تجربے کے دوران اس نظام کو سمندری پانی کو کاشتکاری کے قابل بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
اس تجربے میں زرعی زمین کے 5 مربع میٹر رقبے کے لیے ڈیوائس سے حاصل ہونے والا تازہ پانی کئی ہفتوں تک استعمال کیا گیا۔
پورے تجربے کے دوران کسی قسم کی بجلی استعمال نہیں ہوئی اور صرف سورج کی روشنی ہی کافی ثابت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں
ایران کا امریکا پر فیفا ورلڈ کپ میں میزبانی کے اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام
کرپٹو نے ٹرمپ کو کتنا مالا مال کیا؟
لاگت بوتل بند پانی سے بھی کم
سائنسدانوں نے بتایا کہ اس پورے عمل میں پانی حاصل کرنے کی لاگت بوتل بند پانی خریدنے سے بھی کم رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں جب اس ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے گا تو اس کی لاگت مزید کم ہوگی اور بچت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
