ایشوریہ رائے پر فلمایا گیا گانا ’نمبوڑا نمبوڑا‘ نصابی کتاب میں شامل کرنے پر عوام برہم، حکام نے تحقیقات اور کارروائی کا حکم دے دیا۔
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
بھارتی ریاست اڑیسہ میں آٹھویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے پر فلمائے گئے مشہور گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول شامل کیے جانے کے بعد نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گانا آٹھویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی نصابی کتاب ’کیرتی‘ میں شامل کیا گیا ہے، جو بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تیار کی گئی تھی۔

گانا لوک گیت کے طور پر شامل
نصابی کتاب میں بالی وڈ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے معروف گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول راجستھانی لوک گیت کے طور پر شامل کیے گئے ہیں۔
یہ گانا 1999 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم میں ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر شدید ردعمل
بھارتی میڈیا کے مطابق جیسے ہی نصابی کتاب کے صفحات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ اڑیسہ کے ثقافتی اور لوک ورثے کو فروغ دینے کے بجائے بالی وڈ فلموں کے گانوں کو نصابی کتاب میں شامل کرنا نامناسب فیصلہ ہے۔

حکومتی کارروائی
رپورٹ کے مطابق اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے معاملے پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
اس کے ساتھ ہی ریاستی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت کے سینئر عہدیداروں کو معطل کردیا گیا۔
تحقیقات کا حکم
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے ریاستی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت (ایس سی ای آر ٹی) کے چھ اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ایک خصوصی انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی نے مستقبل میں نصابی کتب کے جائزے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور ایسی غلطیوں سے بچنے کے لیے کوالٹی اشیورنس سیل قائم کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
