اسمارٹ فونز: امریکا سمیت 128 ممالک کے اعداد و شمار میں نوجوانوں کی شرح پیدائش میں کمی اور سماجی تبدیلیوں کا رجحان سامنے آگیا
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
نئی تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ فونز کے بڑھتے استعمال کے ساتھ شرح پیدائش میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
امریکا کی نیشنل بیورو آف اکنامکس ریسرچ کی تحقیق کے مطابق سال 2007 سے اب تک امریکا میں بچوں کی پیدائش کی شرح میں تقریباً 22 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

آئی فون کی آمد اور سماجی رجحان
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ 2007 وہ سال تھا جب پہلا آئی فون متعارف ہوا۔
محققین نے اسمارٹ فونز کو بعض حوالوں سے ایک غیر روایتی “برتھ کنٹرول” اثر رکھنے والا عنصر قرار دیا ہے۔
اگرچہ ابتدا میں شرح پیدائش میں کمی کو 2008 کے عالمی مالیاتی بحران سے جوڑا گیا، تاہم معاشی بہتری کے باوجود یہ شرح واپس اپنی سابقہ سطح پر نہ آ سکی۔

دیگر اہم عوامل
شرح پیدائش میں کمی صرف ایک وجہ سے نہیں ہوئی بلکہ کئی معاشی اور سماجی عوامل بھی شامل ہیں۔
مانع حمل ذرائع کا بڑھتا استعمال
اسمارٹ فونز کے دور میں مانع حمل ذرائع تک رسائی اور آگاہی میں اضافہ ہوا ہے، جس نے خاندانی منصوبہ بندی کو مزید عام بنا دیا ہے۔
خواتین کی تعلیم میں اضافہ
خواتین میں تعلیم کی شرح بڑھنے سے کیریئر اور ذاتی ترجیحات میں تبدیلی آئی ہے، جس کا اثر پیدائشی شرح پر بھی پڑا ہے۔
بچوں کی پرورش کے بڑھتے اخراجات
مہنگائی اور تعلیم و صحت کے اخراجات بڑھنے کے باعث خاندان چھوٹے رکھنے کا رجحان بڑھا ہے۔

نوجوان خواتین میں واضح کمی
تحقیق کے مطابق 2011 تک جب آئی فون محدود علاقوں میں دستیاب تھا، وہاں فرق واضح طور پر دیکھا گیا۔
پندرہ سے چوبیس سال کی عمر کی خواتین میں شرح پیدائش 4.5 سے 8 فیصد تک کم ہوئی۔جبکہ 24 سال سے زائد عمر کی خواتین میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
سماجی میل جول اور ڈیجیٹل اثرات
محققین کے مطابق اسمارٹ فونز کے بڑھتے استعمال سے سماجی میل جول میں کمی آئی ہے۔
لوگ زیادہ وقت اسکرین پر گزارتے ہیں، جس کے نتیجے میں ذاتی اور خاندانی روابط کمزور پڑ رہے ہیں۔ یہ تبدیلی بھی شرح پیدائش میں کمی سے جڑی ہوئی بتائی گئی ہے۔
تقریبن 120 ممالک میں عالمی رجحان
امریکا کی سنسناٹی یونیورسٹی کی ایک اور تحقیق میں 128 ممالک کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں نوجوانوں کی شرح پیدائش اور اسمارٹ فونز کے پھیلاؤ کے درمیان واضح تعلق سامنے آیا۔
محققین کے مطابق جیسے جیسے اسمارٹ فونز عام ہوئے، شرح پیدائش میں کمی کا رجحان بھی تیز ہوتا گیا۔
عالمی اثرات اور خدشات
تحقیق کے مطابق یہ رجحان صرف ترقی یافتہ ممالک تک محدود نہیں رہا بلکہ دنیا بھر میں دیکھا گیا ہے۔
امیر اور غریب دونوں ممالک اس تبدیلی سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں کئی ممالک میں معمر آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔
افرادی قوت میں کمی کا رجحان بھی سامنے آیا ہے۔ جبکہ سماجی سیکیورٹی اور پنشن نظام پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
