امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی، ٹرمپ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے جواب دینے کا عندیہ دے دیا۔
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز میں گشت کرنے والا امریکی فوج کا جدید ترین اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹس محفوظ ہیں، تاہم امریکا اس حملے کا جواب ضرور دے گا۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ایک ایرانی ڈرون نے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ گر کر تباہ ہوگیا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ دانستہ کیا گیا یا کسی غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔

عملے کو سمندر سے ریسکیو کرلیا گیا
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ہیلی کاپٹر کے دونوں اہلکاروں کو عمان کے ساحل کے قریب سمندر سے بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عملے کی تلاش کے لیے کئی گھنٹوں پر مشتمل سرچ آپریشن کیا گیا، جسے انتہائی حساس اور پیچیدہ قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
سؤر کے اعضا انسان میں لگ گئے، طبی سائنس میں بڑا انقلاب
پی کے فلم نے بھکاری کی قسمت کیسے بدلی
ڈرون کشتی سے ریسکیو آپریشن
امریکی بحریہ کی ایک ڈرون کشتی نے سمندر میں موجود عملے کو تلاش کرکے ریسکیو کیا۔ حکام کے مطابق اس نوعیت کے آپریشن میں پہلی بار سمندری ڈرون استعمال کیا گیا۔
امریکی حکام نے بتایا کہ یہ ڈرون سیرونک کمپنی کا تیار کردہ ہے اور امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کی ٹاسک فورس 59 کا حصہ ہے۔ یہ یونٹ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سمندری ڈرونز آپریٹ کرتی ہے۔
