رہائش کے لیے ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن مسلسل دوسرے سال پہلے نمبر پر، پاکستان کا واحد شہر کراچی فہرست میں شامل۔
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
کیا آپ جانتے ہیں کہ رہائش کے لیے دنیا کا بہترین شہر کون سا ہے؟
اگر نہیں، تو جان لیں کہ یورپی ملک ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن مسلسل دوسرے سال آسٹریا کے شہر ویانا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا بہترین رہائشی شہر قرار پایا ہے۔
اس سے قبل ویانا 2022 سے 2024 تک مسلسل تین برس دنیا کا بہترین رہائشی شہر رہا تھا۔
اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی درجہ بندی
اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے 2026 کے لیے دنیا کے بہترین رہائشی شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔
فہرست میں 173 شہروں کی درجہ بندی طبی سہولیات، تعلیم، استحکام، انفرا اسٹرکچر اور ماحولیات جیسے عوامل کی بنیاد پر کی گئی۔
کوپن ہیگن نے استحکام، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں مکمل اسکور حاصل کیا۔
ٹاپ 10 شہر
کوپن ہیگن کے بعد ویانا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہا۔
آسٹریلیا کے شہر میلبرن اور سڈنی بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر آئے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ اور جنیوا بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہے۔
ایشیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر جاپان کا اوساکا قرار پایا، جو مجموعی فہرست میں ساتویں نمبر پر رہا، جبکہ آسٹریلیا کا ایڈیلیڈ آٹھویں نمبر پر آیا۔
کینیڈا کا وینکوور نویں اور جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو دسویں نمبر پر رہا۔

کراچی کا نمبر
فہرست میں پاکستان کا صرف ایک شہر شامل ہے اور وہ کراچی ہے، جو 173 شہروں میں 170ویں نمبر پر برقرار ہے۔ گزشتہ سال بھی کراچی کی یہی درجہ بندی تھی۔
کراچی سے نیچے بنگلا دیش کا دارالحکومت ڈھاکا 171ویں، لیبیا کا طرابلس (تریپولی) 172ویں اور شام کا دمشق 173ویں نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں
آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی قم منتقل
فیفا ورلڈ کپ: رونالڈو کا خواب ٹوٹ گیا
مشرق وسطیٰ کے شہروں کی درجہ بندی میں کمی
ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ کے کئی شہروں کی درجہ بندی میں نمایاں تنزلی دیکھی گئی۔
ایران کا دارالحکومت تہران 164ویں نمبر پر رہا۔
سب سے زیادہ کمی عمان کے دارالحکومت مسقط کی رینکنگ میں آئی، جو 14 درجے تنزلی کے بعد 123ویں نمبر پر پہنچ گیا، جبکہ کویت سٹی 12 درجے نیچے آ کر 105ویں نمبر پر چلا گیا۔
