پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں نافذ، ڈیزل 31 اور پیٹرول 5 روپے فی لیٹر مزید مہنگا، روزانہ ریٹ کا نظام بھی شروع
ویب نیوز ڈیسک رپورٹ
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ نئی قیمتیں تین روز کے لیے نافذ ہوں گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی کی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے، جو 20 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں
الیکٹرک گاڑیاں: کراچی پورٹ پر پہلی تاریخی رورو شپمنٹ
سندھ پولیس افسران کے لیے میڈیا پر نئی پابندی
روزانہ قیمتوں کے تعین کا فیصلہ
یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں توانائی کی قیمتیں دوبارہ بڑھنا شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کو ڈی ریگولیشن کی طرف لے جا رہی ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرے گی اور نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔
