Trump Abruptly Walks Out of Interview — What Triggered It?

ٹرمپ نے این بی سی نیوز کی میزبان پر تنقید کی، وسکونسن میں ریکارڈ انٹرویو بارش اور تند و تیز سوالات کے باعث تنازع کا شکار

ویب نیوز ڈیسک رپورٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ کی میزبان کرسٹن ویلکر کو دیے گئے ایک طویل انٹرویو کے دوران ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے گفتگو اچانک ختم کر دی اور مائیکروفون اتار کر چلے گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرویو کے دوران خاتون صحافی اور متعدد ٹی وی چینلز پر جانبداری اور بدعنوانی کے الزامات عائد کیے۔ اس دوران ان کی میزبان کے ساتھ سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

ٹرمپ نے امریکی ٹی وی نیٹ ورک کو یک طرفہ اور بدعنوان قرار دیتے ہوئے کہا، ’’اب اسے ختم کرتے ہیں، میں کافی وقت دے چکا ہوں۔‘‘

رپورٹس کے مطابق تقریباً 50 منٹ تک جاری رہنے والے انٹرویو کے اختتام پر کرسٹن ویلکر نے ریاست کیلیفورنیا کے پرائمری انتخابات سے متعلق ٹرمپ کے دھاندلی کے دعوؤں پر سوال اٹھایا۔ اس سوال کے بعد دونوں کے درمیان گفتگو کا ماحول تلخ ہو گیا۔

ٹرمپ نے امریکی ٹی وی نیٹ ورک کو یک طرفہ اور بدعنوان قرار دیتے ہوئے کہا، ’’اب اسے ختم کرتے ہیں، میں کافی وقت دے چکا ہوں۔‘‘

جب میزبان نے یاد دلایا کہ وہ انٹرویو کے لیے طویل سفر کر کے ریاست وسکونسن پہنچی ہیں تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہ خود ایک گھنٹے سے زیادہ وقت بارش میں گزار چکے ہیں اور متعدد سوالات کے جواب دے چکے ہیں۔

بعد ازاں ٹرمپ نے اپنا مائیکروفون اتارا، اسے زمین پر رکھا اور انٹرویو کا مقام چھوڑ دیا۔ تاہم روانگی کے وقت انہوں نے میزبان کے کندھے پر ہاتھ بھی رکھا اور کہا کہ ’’اس طرح کی صحافت سے امریکا عظیم نہیں بن سکتا۔‘‘

یہ انٹرویو ریاست وسکونسن کے دورے کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا، جہاں بارش اور تکنیکی مسائل کے باعث گفتگو میں کئی مرتبہ وقفہ آیا۔

بعد میں کرسٹن ویلکر نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ خراب موسم نے انٹرویو کو پیچیدہ بنا دیا تھا۔ تاہم اس کے باوجود ایران، جنگ، معیشت اور دیگر اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ اگلے روز ان کی دوبارہ ٹرمپ سے بات ہوئی اور دونوں اس بات پر متفق تھے کہ بارش نے انٹرویو پر اثر ڈالا۔ ان کے مطابق ٹرمپ مستقبل میں دوبارہ ’’میٹ دی پریس‘‘ کو انٹرویو دینے پر بھی آمادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

امام خمینیؒ برسی: رہبرِ انقلاب کو خراجِ تحسین
پیوٹن کا ایران سے متعلق حیران کن بیان

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے وسکونسن میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ وہ این بی سی نیوز کے ساتھ انٹرویو کے دوران کچھ غصے میں آ گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش اور میڈیا کے رویے کی وجہ سے وہ خوش نہیں تھے، تاہم مجموعی طور پر ملاقات اچھی رہی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *